ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں ایک عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ایکرنگٹن برطانیہ کے ڈائریکٹر الشیخ الحافظ علامہ عبدالسعید مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں ڈبلن سٹی کونسلر روری میک لینی اور آئرش سیاسی سماجی اہم رکن میری فری مین المروف میری آئرش انصافین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین ایگزیکٹیو کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے قائدین و کارکنان اور عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کثیر تعداد بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہوئی۔

کانفرنس کا آغاز نادر یاسین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، جس کے بعد سید ذیشان شاہ، رضوان احمد طور، محمد عارف، عمر دراز، فرقان اسلم اور نادر یاسین نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔

مقررین میں پیر شیراز حسین قادری ۔علامہ محمد عدیل ۔امام جمیل اور سید حیدر شیر شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اس دیار غیر میں اس قسم کی محافل کانفرنسز اور مختلف قسم کے سیمینارز کا انعقاد کر کے ہمیں دین سے جڑے رہنے اور بالخصوص ہمارے بچوں کو دین اسلام کی آگاہی اور ایمان کی تازگی کا سامان کرتی ہے۔

ڈبلن سٹی کونسلر روری میک لینی نے کہا کہ مجھے پاکستانی کمیونٹی کے مختلف پروگرامز میں حاضری کا موقع ملتا ہے لیکن جس خوبصورت انداز میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ پروگرامز کو ترتیب دیتی ہے وہ زبردست ہوتے ہیں اور بہت سی معلومات اسلام کے متعلق ملتی ہے۔ مسلمان کیمونٹی کو پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم پیدائش کی مبارکباد دیتے ہیں۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ایکرنگٹن برطانیہ کے ڈائریکٹر الشیخ الحافظ علامہ عبدالسعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت کی نعمتوں رحمتوں کی ساری کائنات میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات اقدس آپ کی ولادت باسعادت سے بڑھ کر کوئی نعمت تخلیق نہیں کی گئی۔ یہ نعمتِ عظمیٰ ہے اس نعمت عظمیٰ پر خوشی منانا اللہ پاک کی بارگاہ میں بہت مقبول ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس قسم کی محافل کا انعقاد کر کے تمام امت مسلمہ اور بالخصوص دیار غیر میں نوجوان نسل میں محبت رسول کو اجاگر کرنا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یہ عظیم کارنامہ ہے کہ وہ پوری دنیا میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت کو بانٹ بھی رہے ہیں اور اس کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ قدس میں درود و سلام پڑھا اور دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top