مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پریس کلب کے باہر طلباء امن ریلی

سانحہ اے پی ایس پشاور کے ننھے شہدا نے خون دے کر علم و امن کی شمعیں روشن کیں: عرفان یوسف
پاک فوج نے قربانیاں دے کر دہشتگردوں کی کمر توڑی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا: مرکزی صدر MSM
ریلی سے ضیاء الرحمن ضلج، میاں عنصر محمود، یونس نوشاہی، فراز ہاشمی کا خطاب

لاہور (15 دسمبر 2018) آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی چوتھی برسی کے موقع پرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے طلباء امن ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک طلباء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کے خلاف اور ننھے شہدائے اے پی ایس کی یاد میں نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف کر رہے تھے، جبکہ ریلی میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما بھی شریک تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ پشاور آرمی پبلک سکول کے شہید طلباء، اساتذہ ہمارا فخر ہیں۔ شہیدوں کی جرات و بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سانحہ پشاور انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، شہدائے پشاور نے اپنے خون سے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی، انہوں نے کہا کہ پشاور میں ہونیوالی بربریت کو قوم کبھی نہیں بھلا سکتی اور نہ ہی ننھے محسنوں کو بھول سکتے ہیں۔ پاکستانی قوم اور فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قیمت چکائی ہے۔ ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اس ملک میں امن کی خاطر جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

عرفان یوسف نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائینگی، دہشتگردی اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کے شہدا نے اس قوم کو متحد کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کے شہدا نے خون دے کر علم و امن کی شمعیں روشن کیں۔ دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ پاک فوج نے قربانیاں دے کر دہشتگردوں کی کمر توڑی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا، قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ قوم پشاور کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سانحہ اے پی ایس پاکستان میں دہشتگردی کی تاریخ کا سب سے بڑا دلدوز واقعہ ہے۔ انسانیت سے عاری دہشتگردوں نے قوم کے نو نہالوں اور پھول جیسے چہروں کو خون میں نہلا دیا۔ سانحہ پشاور کو چار سال مکمل ہو گئے دہشتگرد اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ آرمی پبلک سکول پشاور جس پر 4 سال پہلے یہ قیامت ٹوٹی اس سکول کے بہادر بچوں نے ثابت کیا کہ وہ بہادر قوم کے بچے ہیں۔

ریلی سے ضیاء الرحمن ضلج، میاں عنصر محمود، یونس نوشاہی، فراز ہاشمی، احسان سنبل، احسن ایاز، علی قریشی، اخلاق حسنین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور کیلئے فاتحہ خوانی اور ملک سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top