منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام عرفان الہدایہ قرآن لرننگ کورس کی اختتامی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 10 روزہ عرفان الہدایہ قرآن لرننگ کورس کی اختتامی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں یکم جنوری 2019ء کو منعقد ہوئی، جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، ایم پی اے و رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ، پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن، ممبر پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی ڈاکٹر نعیم مشتاقِ، سمیت مذہبی، سیاسی، علمی اور سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ قرآن کریم انسانیت کی ہدایت کیلئے نازل کیا گیا، اس کی تلاوت، اس کی سماعت، اس پر غور و فکر کرنا، اس کے معنی اور مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، اس کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا اور اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی کامیابی و کامرانی ہے۔ قرآن مجید کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں، ہدایت، اصلاح، انقلاب، ظاہر و باطن کی درستگی اور دنیا و آخرت کی تمام تر بھلائیوں و کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ نے اس میں جمع کررکھا ہے، قرآن حکیم میں علوم و معارف، اسرار و حکمت کی تمام باتیں بیان کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ کو قرآن کی تعلیم کی طرف لایا جائے تاکہ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط ہو سکے، منہاج القرآن ویمن لیگ نے عرفان الہدایہ لرننگ کورس شروع کر کے ایک بڑی دینی خدمت انجام دی ہے۔ ہزاروں خواتین اس کورس سے بہرہ ور ہورہی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ عرفان الہدایہ کورسز کا مقصد قرآن و حدیث کے درس و تدریس کو معاشرے میں عام کرنا ہے، قرآن و حدیث کی تدریس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسان بنانا اور مسلم امت کی خواتین میں فکری و شعوری بیداری پیدا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں علمی سطح کا جو کام تحریک منہاج القرآن کررہی ہے وہ کسی جماعت نے نہیں کیا۔

بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ آج تعلیم حاصل نہیں کی جارہی بلکہ خریدی جارہی ہے، آج کے اس پرفتن دور میں منہاج القرآن کاامتیاز وانفرادیت ہے کہ سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز اور ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی کے ذریعے وہ جہالت کے اندھیرے دور کر کے علم کے چراغ روشن کررہی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ عوام الناس کو قرآن و حدیث کی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کررہی ہیں۔

تقریب سے سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، میمونہ شفاقت، ہاجرہ بی بی، صائمہ نور، انیسہ فاطمہ، اقراء مبین، روبینہ ناز، صفیہ رفعت، سعید رضا بغدادی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے بھی خطاب کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ اور نظامت تربیت کے شعبہ کورسز کے زیراہتمام دسمبر کے آخری عشرہ میں منعقدہ الہدایہ قرآن لرننگ کورس میں ملک بھر سے سینکڑوں خواتین معلمات نے شرکت کی۔ کورس میں انہیں قرآنیات، تجوید، گرائمر، تفسیر، ترجمہ، عرفان العقائد، عرفان الحدیث، اصول حدیث، فن خطابت، تدریسی مہارت اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا خصوصی کورسز، عربی قواعد و ضوابط کے ساتھ ساتھ تجوید و قرآت کے اصول سکھائے گئے۔

تقریب کے اختتام پر عرفان الہدایہ کورس میں شریک طالبات و معلمات کو اسناد دی گئیں، امت مسلمہ اور پاکستان کی سربلندی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top