جے آئی ٹی بلاتاخیر کام شروع کرے، انصاف میں مزید تاخیر برداشت نہیں: خرم نواز گنڈاپور

جو خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی تفتیش سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے
آج بھی معصوم خواتین کی سسکیاں کانوں میں گونجتی اور بے چین کرتی ہیں، سیکرٹری جنرل
امید ہے پولیس افسر قربانی کا بکرا بننے کی بجائے جے آئی ٹی کے سامنے پورا سچ بولیں گے

لاہور (8 جنوری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، آج بھی معصوم خواتین کی سسکیاں کانوں میں گونجتی اور بے چین کرتی ہیں، انصاف بہترین انتقام ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی نظریں جے آئی ٹی پر ہیں، انصاف میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے، جو خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی تفتیش سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے نئی جے آئی ٹی کا فیصلہ ہوا ہے پنجاب کے قاتل اعلیٰ شہباز شریف اور اس کے معاون اعلیٰ رانا ثناء اللہ کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ سانحہ کی ازسرنو غیر جانبدار تفتیش نہ ہو سکے کیونکہ وہ جانتے ہیں غیر جانبدارانہ تفتیش سے پس آئینہ چھپے ہوئے کردار بے نقاب ہو جائینگے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کی پولیس والوں کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی، پولیس والوں کو پیچھے سے احکامات مل رہے تھے، نئی جے آئی ٹی کو پولیس افسران قدرت کی طرف سے مدد سمجھیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں جو پورا سچ ہے اسے اگل دیں، امید ہے پولیس افسران قربانی کا بکرا بننے کی بجائے جے آئی ٹی کے سامنے سچ بولیں گے اور انصاف کا ساتھ دیں گے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی تشکیل دینا پنجاب حکومت کا اختیار ہے اور پنجاب حکومت نے اس حوالے سے عدالت میں تحریری یقین دہانی کروائی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈز جے آئی ٹی کے خلاف کوئی سازش نہیں کر سکیں گے، جے آئی ٹی کے قانونی اور ناگزیر ہونے پر سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کی مہر لگی ہے، قاتل ٹولہ جتنی مرضی میٹنگز کر لے مگر وہ اپنے انجام سے کسی صورت نہیں بچ سکے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top