بچوں کیخلاف مجرمانہ سرگرمیوں کے مائنڈ سیٹ کو بدلنا ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک آج زینب کی پہلی برسی میں شرکت کیلئے قصور جائیں گے

لاہور (9 جنوری 2019) قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بچوں کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کے مائنڈ سیٹ کو بدلنا ہو گا، زینب کیساتھ درندگی میں ملوث مجرم کیفر کردار تک تو پہنچ گیا لیکن واقعات میں کمی واقع نہیں ہوئی، سربراہ عوامی تحریک قوم کی بیٹی زینب کی پہلی برسی میں شرکت کیلئے 10 جنوری کو قصور جائینگے۔ برسی میں شریک ہونے کیلئے زینب کے والد حاجی امین انصاری نے درخواست کی تھی۔

قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ 10 جنوری 2018 ء کو قوم کی بیٹی زینب کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ تکلیف دہ تھا، اگرچہ مجرم کو سزا مل چکی مگر بچوں اور بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے سنگین واقعات میں کمی واقع نہیں ہو رہی جو لمحہ فکریہ ہے۔ ایسی رپورٹس تواتر کیساتھ شائع ہورہی ہیں کہ بچوں کے خلاف رونما ہونے والے واقعات کے پس پردہ بااثرسیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر قانون سازی سمیت تعلیمی، تربیتی اور نگہداشت کے تمام تقاضوں کو پورا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس آئے روز شائع ہوتی رہتی ہیں جن میں بچے اور بچیاں بیمار ذہنیت رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر کی درندگی کی بھینٹ چڑھتی ہیں، بچوں اور بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے سنگین واقعات کو قانون نافذ کرنے والے ادارے روٹین کے واقعات کی طرح ڈیل کرتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top