اسلام باہمی رحم وکرم والے معاشرے کی تعمیر چاہتا ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں۔ علامہ میر آصف اکبر
انصاف اور صلہ رحمی کا نبھانا ایک پر سکون معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔ ناظم علماء کونسل
اسلام دین فطرت ہے اور اس کے مادے میں امن، سلامتی کے وسیع معنی موجود ہیں۔ اجلاس سے خطاب

اسلام باہمی رحم وکرم والے معاشرے کی تعمیر چاہتا ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل(لاہور: 3 فروری 2019) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ جس نے کسی ایک انسان کوناحق قتل کیاتو گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی ہر گناہ معاف کردے گا سوائے شرک کے اور اس شخص کے جس نے ناحق کسی انسان کو قتل کیا اللہ کریم اس کو معاف نہیں کرے گا۔ آج بے گناہوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ وکیل خریدے جارہے ہیں منصفوں کو ڈرا کر یا خرید کر مرضی کے فیصلے کروائے جارہے ہیں ماڈل ٹاؤن اور ساہیوال میں بے گناہوں کو قتل کیا گیا۔ سابق حکمرانوں نے اقتدار و طاقت کے نشے میں ظلم کرنا اپنے لیے جائز سمجھ لیا تھا۔ کمزوروں کو چوک چوراہوں پر کان پکڑوائے جاتے تھے عزت داروں کی بے عزتی کی جاتی تھی ظلم کرنے والے کبھی اس بات سے نہیں ڈرے کہ کل روز محشر یہ ظلم ان پر اندھیرے بن کر ٹوٹے گا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ امداد حسین شاہ، علامہ لطیف مدنی و دیگر قائدین موجود تھے۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ معاشرے میں قیام امن کے لیے مقتدر اداروں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ساہیوال کے مقتولوں کو انصاف دینا ہوگا۔ انصاف اور صلہ رحمی کا نبھانا ایک پر سکون معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام باہمی رحم وکرم والا معاشرہ تعمیر کرنا چاہتا ہے جس کی قیادت محبت و بھائی چارے کے ہاتھ میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قرابت داروں سے تعلق جوڑنا، صلہ رحمی کرنا ایمان کی نشانی ہے اسلام تمام انسانوں کے درمیان محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرتا ہے۔ یہی وہ ضابطہ حیات ہے جو انسانیت کی اعلیٰ قدروں کا تحفظ کرتا ہے اسلام دین فطرت ہے اور اس کے مادے میں امن، سلامتی کے وسیع معنی موجود ہیں۔ دین اسلام نے ایک دوسرے کے خون کے پیاسوں کو بھائی بھائی بنا دیا۔ صدیوں پرانی دشمنی کو گہری دوستی میں تبدیل کردیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top