پاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرات سے دوچار ممالک میں سر فہرست ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

جنگلات نہ بڑھے تو گلیشیئر پگھلیں گے اور ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے نا قابل برداشت ہو گی
شجر کاری مہم میں حصہ لینا ہر شہری کا دینی، قومی و ملی فریضہ ہے: سربراہ عوامی تحریک
ماضی کے حکمرانوں نے درخت کاٹ کر ماحولیاتی اور خزانہ لوٹ کر معاشی آلودگی پھیلائی

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (10 فروری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہپاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرات سے دوچار ممالک میں سر فہرست ہے۔ آنے والے دنوں میں ہنگامی بنیادوں پرجنگلات میں اضافہ نہ کیا گیا تو گلیشیئر پگھلیں گے اور ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے نا قابل برداشت ہو جائیگی۔ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کیلئے جدوجہد کرنا ہر شہری کا دینی، قومی و ملی فریضہ ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے درخت کاٹ کر ماحولیاتی اور خزانہ لوٹ کر معاشی آلودگی پھیلائی، کارکن شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ آئندہ نسلوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیلی فون پر سینئر عہدیداروں اور رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے کے حوالے سے قومی و بین الاقوامی اداروں کے تجزیے اور رپورٹس اپنی جگہ تاہم قرآن مجید نے بھی اس ضمن میں انسانیت کی مکمل رہنمائی کی ہے، قرآن مجید نے زمین کی زرخیزی اور سبزہ کو خوشحالی اور صحت مندی کی علامت قرار دیا ہے اور اللہ نے اسے اپنی نعمتوں میں شمار کیا ہے۔ سورہ اعراف میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ زمین سے اللہ کے حکم پر خوب سبزہ نکلتا ہے جو زمین زرخیز نہیں ہوتی اس سے بے فائدہ چیز کے سوا کچھ نہیں نکلتا، اس لئے شجر کاری مہم چلانا اور بے کار زمین کو زرخیز بنانے کیلئے اپنا حصہ ڈالنا اللہ کے احکامات بجا لانے میں سے ایک عمل ہے اور اسی میں انسانیت کی بھلائی اور بہتری ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ کارکنوں کو ہدایت ہے کہ وہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے درختوں کی تعداد بڑھائیں۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن زیادہ نہ سہی تو کم از کم اپنے گھر کے آنگن میں ایک پودا لگا کر اپنا قومی و دینی فریضہ ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کارکنان جن کا ذریعہ معاش کھیتی باڑی ہے اور تھوڑی بہت زرعی زمین ان کے تصرف میں ہے تو وہ اپنے کھیتوں کے اطراف میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں خوشحال اور سرسبز پاکستان کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منہاج القرآن کے زیراہتمام چلنے والے سینکڑوں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، اسلامک سنٹرز میں شجر کاری کی جائے اور ذمہ داران اس کی خود نگرانی اور حفاظت کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top