قرآنی انسائیکلوپیڈیا عصر حاضر کی عظیم قرآنی خدمت ہے :مظہر محمود علوی
شدت پسندی کی بڑی وجہ قرآنی تعلیمات سے دوری ہے، مرکزی صدر یوتھ
لیگ
قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی 17 فروری کو ہو گی، ڈاکٹر حسین محی الدین
خطاب کرینگے
ڈاکٹرطاہرالقادری نے انسائیکلوپیڈیا کی تالیف سے قرآنی علوم تک رسائی کے راستے کھول
دئیے
ڈاکٹر محمد رضا باقری، ڈاکٹر فاروق ستار، انیق احمد، ڈاکٹر محمد احمد قادری،
ڈاکٹراختر بلوچ سمیت اہم شخصیات شرکت کرینگے
لاہور (16 فروری 2019) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 17فروری (اتوار) کو کراچی میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے موقع پر قرآن کانفرنس منعقد ہو گی، ڈاکٹر فاروق ستار، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل سمیت اہم سیاسی، مذہبی رہنما کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ قرآن کانفرنس سے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خطاب کرینگے۔ تقریب کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، منہاج القرآن کے جملہ فورمز اور پاکستان عوامی تحریک کراچی کے عہدیداران و کارکنان تقریب کو کامیاب اور تاریخی بنانے کیلئے تمام مسائل بروئے کار لارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندی کی بڑی وجہ قرآنی تعلیمات سے دوری ہے، پرامن معاشرے کی تشکیل اور اسلامی روایات و اقدار کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت عصرحاضر کی ناگزیر ضرورت ہے، اسی تقاضے کو پورا کرنے کیلئے تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن و تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کو قرآنی احکامات و تعلیمات سے بہرہ ور کرنے کیلئے شب و روز کوشاں ہے، منہاج القرآن کے سکالرز اس اہم اور مقدس فریضے کو انجام دینے کیلئے پاکستان سمیت پوری دنیا میں مصروف عمل ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا عصر حاضر کی عظیم قرآنی خدمت ہے۔
اس موقع پر منصور قاسم، انعام مصطفوی، اسماعیل انعام، عمر اعوان، زبیر گیلانی، محمد نواز قادری، حاجی فرخ، شیخ عتیق الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔
مظہر محمود علوی نے کہا کہ تقریب رونمائی میں شرکت کیلئے مذہبی سیاسی، سماجی، علمی، وکلاء، انجینئرز، طلباء، غیر ملکی سفیروں سمیت اہم رہنماؤں کو دعوت دے دی گئی ہے، سینئر صحافی انیق احمد، وائس چانسلر نذیر حسین یونیورسٹی ڈاکٹر محمد احمد قادری، وائس چانسلر بینظیر بھٹو شہید ڈاکٹر اختر بلوچ، مسیحی رہنما کارڈینل آرچ بشپ، جوزف کوٹس، محمد اشرف طائی، معروف قانون دان کلپنہ دیوی ایڈووکیٹ سمیت نامور مشائخ، علمائے کرام شرکت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ تقریب رونمائی کی تقریب تاریخی ہو گی، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اہل علم میں ڈاکٹر طاہرالقادری کو اللہ نے انفرادیت دی ہے، وہ پاکستان اور امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت میں سب سے منفرد اور یکتا دکھائی دیتے ہیں، بین المذاہب رواداری اور امن کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل تحسین ہیں، منہاج القرآن انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تاریخی کام کررہا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف کر کے قرآنی علوم تک رسائی کے راستے کھول دئیے ہیں۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا مطالعہ ہر مسلمان کو کرنا چاہیے۔
تبصرہ