نارووال: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا علی پور سیداں میں ’’عقیدہ ختمِ نبوت کانفرنس‘‘ سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علی پور سیداں (نارووال) میں پیر جماعت علی لاثانی شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے دربار پر منعقدہ سالانہ ’’عقیدہ ختمِ نبوت‘‘ کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب بھی کیا۔
کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین دربار عالیہ لاثانی تنویر صاحبزادہ سید مدثر حسین شاہ لاثانی سرکار نے کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم میر آصف اکبر قادری، علماء مشائخ، اہل علاقہ اور مریدین و عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور ان کی تعلیمات قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت ہیں۔ یہ دور بد ترین فتنوں کا ہے ایمان اور عقیدے پر حملے ہو رہے ہیں، اسلام کے دائمی دشمنوں کی نظریاتی دہشتگردی سے نئی نسل کو بچانا علمائے کرام، سکالرز، اساتذہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام کے دشمنوں نے امت مسلمہ کو مسلمہ عقائد کے حوالے فکری انتشار میں مبتلا کرنے کیلئے ریسرچ سیل قائم کر رکھے ہیں، وہ قرآن و سنت کی غلط تشریح کے ذریعے مغالطے پیدا کر رہے ہیں اور اس کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کواستعمال کر رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ہوں، فیس بک پیجز ہوں، ٹویٹرز اکاؤنٹس ہوں، یو ٹیوب ہو، انسٹا گرام ہو، وٹس ایپ گروپس ہوں ان کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ فی زمانہ علمائے کرام، سکالرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی منفی پراپیگنڈے کیلئے استعمال ہونیوالے ان ٹولز کے متعلق معلومات رکھیں اور پھر نوجوانوں کو بھی اپنے خطابات اور پیغامات کے ذریعے اس پراپیگنڈہ سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں۔ انکی مبارک حیات اور تعلیمات قیامت تک کیلئے ہیں انہی پر عمل کرنے سے ہدایت نصیب ہوگی اور یہی فلاح کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی عمارت کی پہلی اینٹ ہے۔ آپ ﷺ کے دنیا سے ظاہری طور پر پردہ فرما جانے کے بعد امت مسلمہ کے ہر مرد و زن پر یہ لازم ہے کہ وہ ان کی تعلیمات اور اطاعت و محبت کو اپنائے اور انکے نقش قدم پر چلے۔ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوسکتا۔ قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔ دین مکمل ہوچکا اور قیامت تک کیلئے انسانیت کو رہنمائی مل چکی، انہوں نے کہاکہ آج ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں زندہ ہیں، دشمن آج بھی چالاک اور شاطر ہے وہ مختلف ٹولز کے ذریعے ذہنوں کو پراگندہ کرتا ہے، اس پراگندگی سے بچنے کیلئے علمائے کرام کے ساتھ ساتھ مسلم آئی ٹی ایکسپرٹس کو بھی اپنا دینی و ملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ نئی نسل کے دلوں کو محبت رسول ﷺ سے خالی کرنے کی دہشتگردی ہو رہی ہے، اب صرف خطابات سے اس فتنے سے نہیں نمٹا جا سکتا، نوجوان نسل براہ راست مطالعہ کو اپنائے اور جدید ذرائع ابلاغ پر نظر رکھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی سید جماعت علی شاہ کے مزار پر حاضری
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کے بعد علی پور سیداں میں پیر سید جماعت علی شاہ لاثانی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے فاتحہ بھی پڑھی۔
تبصرہ