ریاست اور سوسائٹی پر خواتین کا پہلا حق انہیں تعلیم دینا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 08 مارچ 2019ء

خواتین نے زندگی کے ہر شعبہ میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا، گفتگو
خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف پورانہیں ہو سکتا، سربراہ عوامی تحریک
اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کو باوقار مقام اور معاشی تحفظ دیا

لاہور (8 مارچ 2019) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے خواتین نے زندگی کے ہر شعبہ میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا، تعلیم یافتہ معاشرے ماں کی تربیت کے مرہون منت ہوتے ہیں، ریاست اور سوسائٹی پر خواتین کا پہلا حق انہیں تعلیم دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کے حقوق و فرائض کا ایک جامع چارٹر دیا، یہ ایک ایسا چارٹر تھا جس کا اس سے قبل کوئی تصور بھی موجود نہ تھا، انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو باوقار مقام اور معاشی تحفظ دیا، اس کا وراثت میں حصہ مقرر کیا، بطور بیوی، بہن، بیٹی اس کے حقوق کا تحفظ کیا اور خواتین کے خلاف ہر نوع کے تشدد، استحصال اور زیادتی سے روکا، انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف پورانہیں ہو سکتا، خواتین کے خلاف سوسائٹی میں پائی جانے والی استحصالی سوچ کو ختم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اور ناخواندہ معاشروں میں خواتین کو سیاسی، سماجی، معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے بعض پابندیوں اور دباؤ کا سامنا رہتا ہے، خواتین کو سیاسی، سماجی، معاشی کردار کی ادائیگی سے روکنے کی گنجائش نہ تو اسلام میں ہے اور نہ ہی قومی و بین الاقوامی قوانین اس کی اجازت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن نے گزرے ہوئے 38 سالوں میں خواتین کی تعلیم و تربیت کے اندرون و بیرون ملک سینکڑوں مثالی تعلیمی ادارے قائم کیے، جہاں قوم اور امت کی بیٹیوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت مل رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top