خوشاب: جوہرآباد میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب
تحریک منہاج القرآن خوشاب کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 10 مارچ 2019ء جوہرآباد میں مقامی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین آستانہ عالیہ پھپڑاہ شریف صاحبزادہ پیر محمد احسن مظہری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں علماء، مشائخ، اسکالرز اور مختلف طبقہ ہائے فکر کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس میں محترم پروفیسر محمد احسن مظہری، محترم قیوم زمان، رانا محمد ادریس، مہوش اقبال اعوان، مظہر محمود علوی، منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، سیدمحسن رضا شاہ نقوی، غلام رسول شاہ، تنویر احمد، سیدشمس العارفین، پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ، عبد الماجد علوی، عبد الرحمان اعوان، احسان چشتی، جمیعت علمائے اسلام، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مقامی سماجی، صحافتی تنظیموں کے سنیئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کی کوششوں سے مطالعہ قرآن و حدیث کے حوالے اسلاف کی علمی اقدار کو زندہ کیا جا رہا ہے اور اسکے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے مطالعہ قرآن کے ضمن میں غور و فکر کے نئے دروازے کھولے ہیں اور اس سے کلام اللہ کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے اور پڑھنے والے کیلئے اسے سمجھنے میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کو علم کی وارثت عطا کی ہے۔ آپ سب کا فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس نعمت عظمیٰ کی قدر کریں۔ اہلیان منہاج القرآن کی شناخت علم ہو اور وہ جہاں بھی رہے تو اس شناخت کو قائم رکھے۔ علم کی وارثت زندہ رکھنے کے لیے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو ہی پڑھ لیں تو اللہ پاک آپ سب کو اتنا علم عطا کرے گا کہ آپ قرآنی علوم کو جان لیں گے۔ آج ہمیں علم دوستی اور قرآن سے دوستی کرنی ہو گی۔
آخر میں صاحبزادہ پیر محمد احسن مظہری سجادہ نشین آستانہ عالیہ پھپڑاہ شریف نے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کے بعد مہمان شخصیات کو قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے سیٹ بطور تحفہ بھی دیئے گئے۔
تبصرہ