نسل پرستی ہو یا فرقہ پرستی، انسانیت کیلئے بڑا خطرہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 17 مارچ 2019ء

سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کا رویہ ہمدردانہ تھا
منہاج القرآن لاہور کے کنونشن سے خرم نواز گنڈاپور، رفیق نجم، حافظ غلام فرید کا خطاب
شاندار تنظیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدیداروں کو شیلڈز دی گئیں

لاہور (17 مارچ 2019) منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ عہدیداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرستی ہو یا سیاسی، مذہبی فرقہ پرستی، ہر نوع کی انتہا پسندی اور دہشتگردی انسانیت اور امن عالم کیلئے بڑا خطرہ ہے، سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کا رویہ ہمدردانہ تھا، اس سے مسلم کمیونٹی میں پیدا ہونے والا عدم تحفظ کا احساس کم ہوا، دہشتگردوں کا تعلق مشرق سے ہو یا مغرب سے وہ اپنے انسانیت کش ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ریاستوں کو یرغمال نہیں بنا سکتے اور نہ ہی آج کی مہذب جمہوری دنیا زمانہ غار کو پلٹنے دے گی اور نہ ہی گورے، کالے کی تقسیم سے مشرق اور مغرب کے درمیان تقسیم کی دیواریں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔

پیغمبر اسلام نے 14 سو سال قبل نسل پرستی کا خاتمہ کر دیا تھا، کالے، گورے اور عربی، عجمی کی بنیاد پر انسانیت کی تقسیم حرام قرار دے دی تھی، مسلمان ہزار سال اقتدار میں رہے اور اسلامی ریاست نے حسب، نسب کی بنیاد پر بے گناہ خون نہیں بہنے دی۔

کنونشن سے خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان نے خطاب کیا۔ کنونشن میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، سدرہ کرامت، آمنہ بتول، سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے کوآرڈینیٹر عتیق الرحمن، یوتھ ونگ، ایم ایس ایم اور ویمن لیگ کی مرکزی رہنما شریک تھیں۔

تقریب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لاہور تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنان میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے اور عظیم قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سلیوٹ کر کے عہدیداروں، کارکنوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top