انتہاپسندی اور کرپشن ترقی کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 22 مارچ 2019ء

لاہور (22 مارچ 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انتہاپسندی، عدم برداشت اور کرپشن خوشحال پاکستان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، 23 مارچ 1940ء کی قرارداد کے ثمرات سمیٹنے اور ان برائیوں کے سدباب کیلئے بےرحم احتساب اور ابہام سے پاک قانون سازی ناگزیر ہے۔ پاکستان ایک نظریہ کے تحت وجود میں آیا وہ نظریہ قومی زندگی کے ہر شعبے کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق استوار کرنا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مارچ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بڑی اہمیت رکھتا ہے، مارچ کے مہینے میں قرارداد پاکستان بھی منظور ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ قرارداد مقاصد بھی مارچ میں منظور ہوئی اور پہلا آئین بھی مارچ کے مہینے میں ہی نافذ العمل ہوا، مارچ کا مہینہ پاکستان کی جمہوری جدوجہد اور ثمرات کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس عزم اور جذبے کیساتھ تحریک پاکستان کی جدوجہد کی گئی آج تعمیر پاکستان کے مرحلہ پر بھی اسی عزم اور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ فرد کی تعلیمی، فکری، معاشی بہبود پر زور دیا اور اسلام کی اعلیٰ انسانی، بین الاقوامی اقدار اور اصولوں پر عملدر آمد کو کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعہ دہشت گردی ہے، ذمہ داروں اور اس دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ان کی بخشش اور درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top