خواتین کی تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 30 مارچ 2019ء

تعلیم کو کاروبار بنا کر کم آمدنی والے خاندانوں کو معیاری تعلیم کے حق سے محروم کیا گیا
منہاج کالج برائے خواتین خانیوال جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے
منہاج ویلفیئر کو تعلیمی منصوبوں میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دینے کی ہدایت

لاہور (30 مارچ 2019) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی منصوبہ جات میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے، انہوں نے منہاج کالج برائے خواتین خانیوال کے منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ کالج کی بلا تاخیر تعمیر یقینی بنائی جائے، ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ہو گی، بدقسمتی سے تعلیم کو کاروبار بنا کر آبادی کے کم آمدنی والے ایک بڑے حصے کو معیاری تعلیم کے حق سے محروم کر دیا گیا۔

منہاج گرلز کالج کے منصوبے کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سیدامجد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے قائد تحریک منہاج القرآن کو بتایا کہ منہاج کالج برائے خواتین خانیوال 10 کنال کے رقبے پر محیط ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت اس کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا جارہا ہے، پہلے مرحلے میں 6 سو سے زائد بچیاں ایڈمیشن لے سکیں گی اور اڑھائی سو سے زائد بچیوں کیلئے ہاسٹل کی سہولت بھی دستیاب ہو گی، انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین ٹیچرز کی سلیکشن کا مرحلہ بھی جلد مکمل کر لیا جائیگا، کالج کی تعمیر میں بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات کو پیش نظر رکھا جارہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم و تربیت پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اولیائے اللہ اور صوفیائے کرام کی سرزمین جنوبی پنجاب حکومتوں کی عدم توجہ کی وجہ سے لاتعداد سماجی، معاشی مسائل سے دو چار ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دیں، ترقی کا ہر راستہ تعلیم سے نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کے فلاحی، انسانی منصوبہ جات اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کا ایک بڑا ذریعہ بن چکے ہیں، بچیوں کو بامقصد تعلیم دینے کیلئے منہاج گرلز کالج کا جنوبی پنجاب میں قیام خطہ کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top