معراج النبی ﷺ کانفرنس و ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ
تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اللہ نے انبیاء علیہم السلام کے دعوی صداقت کے لیے انھیں معجزات سے نوازا، معجزات اللہ رب العزت کی قوت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں۔ معراج کمال معجزات مصطفی ﷺ ہے۔ معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس نے تسخیر کائنات کے مقفل دروازوں کو کھولنے کی ابتدا کی۔ معجزہ معراج نسل انسانی کی تاریخ کے ارتقاء کا وہ بنیادی و لازمی نقطہ ہے جسے مان لینے والے صدیق اور مومنین کے سردار ٹھہرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس و ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علماء، مشائخ، قرآء، نعت خوان، سیاسی، مذہبی رہنماؤں، منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین، تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ معراج النبی ﷺ وہ زندہ معجزہ ہے جسکی تصدیق قرآن حکیم نے بھی کی۔ نماز سفر معراج کا تحفہ ہے امت اس عظیم تحفے کو سینے سے لگا کر رکھے۔ اس عظیم معجزے کو تسلیم کئے بغیر تاریخ بندگی مکمل نہیں ہوتی اور روح کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا۔ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں اور معجزات سے اللہ اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امت کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعوی نبوت کی صداقت کیلئے انہیں معجزات سے نوازا۔ تمام معجزات مل کر بھی معجزہ معراج النبی ﷺ کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آج سائنسی علوم کائنات کی سچائیوں سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔ قدم قدم پر نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ اسلام اور پیغمبر اسلام کی آفاقی تعلیمات کی سائنسی توجیح خود بخود ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شب معراج تاج عظمت حضور ﷺ کے سر اقدس پر رکھا گیا۔ منصب رسالت ﷺکو نئی شان عطا ہوئی۔ سفر معراج حضور ﷺ کا ایک معجزہ ہے اور معجزہ رب کائنات کی قدرت کا مظہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معراج کی شب کوئی چیز پردہ غیب میں نہ رہی، سفر معراج کے ذریعے حضور اکرم ﷺ پر تمام حقیقتوں کو منکشف کیا گیا۔
تبصرہ