ڈاکٹر طاہرالقادری کا او آئی سی حکام کی طرف سے ریاض ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال
ڈاکٹر طاہرالقادری او آئی سی اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم پر خطاب کریں گے
قائد تحریک منہاج القرآن نے او آئی سی کے ممبر ممالک کیلئے متفقہ امن بیانیہ پر 3 خصوصی کتب تحریر کی ہیں
لاہور (7 اپریل 2019) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 7 اپریل صبح 11 بجے ریاض ایئرپورٹ پہنچے جہاں او آئی سی حکام کی طرف سے انکا پرتپاک استقبال کیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی دعوت پر او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب گئے ہیں، جہاں وہ 9 اور 10 اپریل کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم پر خصوصی خطاب کریں گے اور اس ضمن میں سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی ہو گا چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
او آئی سی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو انسداد دہشتگردی اور خود کش دھماکوں کے خلاف 6 سو صفحات کا فتویٰ تحریر کرنے اور فروغ امن کیلئے 40 سے زائد کتب تحریر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قابل قدر بین الاقوامی خدمات انجام دینے پر شرکت کی خصوصی دعوت دی اور عالم اسلام کے مشترکہ اور متفقہ امن بیانیہ تیار کرنے کیلئے ان سے علمی فکری رہنمائی مانگی ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت مارچ کے اوائل میں ملی اور انہوں نے دعوت ملنے کے بعد صرف ایک ماہ کے اندر فروغ امن اور انسداد دہشتگردی اور بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق کے موضوعات پر 3 خصوصی کتب تحریر کی ہیں، یہ کتب او آئی سی ممبر ممالک کو مطالعہ کے لئے دوران اجلاس پیش کی جائینگی، اس کے علاوہ ڈاکٹر طاہرالقادری دوران خطاب 100 صفحات پر مشتمل خصوصی پیپر بھی اجلاس میں پیش کرینگے۔
تبصرہ