منہاج القرآن کی تعلیمی و فلاحی خدمات قابل تقلید ہیں: جہاں آراء وٹو

سابق ایڈوائزر سارک ممالک معروف سیاسی و سماجی رہنما جہاں آراء وٹو نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قائم آرفن کیئر ہوم ’’آغوش‘‘ اور منہاج یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں آراء وٹو نے بے سہارا بچوں کےلئے آغوش جیسے عظیم ادارے قائم کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تعلیم دینا اور بے سہارا بچوں کی تربیت کرنا بہترین خدمت ہے۔

جہاں آراء وٹو نے منہاج یونیورسٹی اور آغوش کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے منہاج یونیورسٹی ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد سرویا، اکیڈمک ہیڈ خرم شہزاد سے ملاقات کی۔ آغوش میں ڈائریکٹر آغوش کرنل(ر) فیصل عزیز پرنسپل آغوش گرائمر سکول عمران ظفر بٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر شہزاد رسول بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں سکول آف پیس اور تصوف سنٹر اسےدیگر یونیورسٹیوں سے ممتاز مقام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت ملک بھر میں 7سو سکولز درجنوں کالجز فروغ علم کےلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

آغوش کے دورہ کے موقع پر کرنل (ر) فیصل عزیز نے بتایا کہ آغوش آرفن ہوم میں سینکڑوں بے سہارا بچوں کوتعلیمی، تربیتی و رہائشی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ آغوش لاہور کے بعد کراچی، سیالکوٹ میں بھی قائم ہو چکا ہے اور اسکا دائرہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں بڑھایا جا رہا ہے۔

جہاں آراء وٹو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تعلیمی، فلاحی خدمات دوسرے اداروں کےلئے قابل تقلید ہیں۔ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دکھی انسانیت میں خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بے سہارا اور یتیم بچوں کے عظیم منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی و تنظیمی منصوبوں کو دوسروں کےلئے مثال بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ’’زندگی کا مقصد دوسروں کے کام آنا‘‘ کے شعور کو اجاگر کر رہی ہے۔ جہاں آراء وٹو آغوش میں زیر تعلیم بچوں میں گھل مل گئیں، انہوں نے بچوں سے نظمیں اور کہانیاں بھی سنیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top