امت مسلمہ کے زوال کا سب سے بڑا سبب قرآن مجید سے دوری ہے: علامہ ظہیر احمد نقشبندی کا ملتان میں درس عرفان القرآن

مورخہ: 13 مئی 2019ء

تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے ’’قرآن اور ہم ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر خشک و تر کا علم قرآن مجید میں رکھا، اور اسے ہر قسم کی کمی بیشی سے پاک رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کا ذمہ بھی خود لیا۔ نزول قرآن کے سبب ہی ماہ رمضان کو تمام مہینوں پر فضیلت عطا کی گئی۔ پھر اس نے اپنے خاص کرم سے اس لاریب اوربے مثل کتاب کا وارث امت محمدی کو بنایا۔ امت محمدی کو یہ شرف تاجدار کائنات سے نسبت غلامی کی وجہ سے حاصل ہوا۔ مگر آج ہم نے قرآنی تعلیمات سے منہ موڑ لیا جس کا نتیجہ ہے کہ امت مسلمہ زوال پذیر ہے۔ امت مسلمہ کے زوال کا سب سے بڑا سبب قرآنی تعلیمات سے دوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قرآن مجید کو محض ثواب کی کتاب سمجھ لیا حالانکہ اللہ پاک نے قرآن مجید کو صحیفہ انقلاب بنا کر بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے مسلمانوں پر پانچ حقوق ہیں جن میں قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا، تدبر و تفکر کرنا اور اسکی تعلیمات کو دوسرے لوگوں تک پہنچانا۔ جب تک ہم قرآن مجید کے یہ حقوق ادا نہیں کریں گے اس وقت تک عروج کی منزل حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں دروس قرآن کے زریعے رجوع الی القرآن کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ امت مسلمہ کا قرآن مجید سے ٹوٹا ہوا تعلق پھر سے بحال ہوسکے۔

درس قرآن میں مفتی خورشید صدیقی، علامہ پیر عزیزالرحمن خان قادری، مخدوم شہباز ہاشمی، یاسرارشاد، میجر محمد اقبال چغتائی، رائو محمد عارف رضوی،، علامہ امیر اظہر سعیدی، مولاناسید ناظم حسین شاہ، احسان سعیدی، خواجہ عاشق حسین سعیدی، پروفیسر جاوید اختر، انجینئر جواد صادق، زمان خان اعوان، سجاد نقشبندی، پروفیسر مجیب الرحمن ہاشمی، صابر علی، قاری سیف الرحمن، احسان رمضان ایڈووکیٹ، مولانا محمد الیاس صدیقی، ہما اسماعیل، فاطمہ منعم، خدیجہ الزہرہ، اسماء جاویدکے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top