حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی زندگی کا ہر لمحہ علم و ہدایت کے اسباق سے مزین ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 26 مئی 2019ء

آپ رضی اللہ عنہ سے 12 ہزار سے زائد احادیث مبارکہ مروی ہیں، حضرت علی رضی اللہ عنہ سے بغض منافقت کی نشانی ہے

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (26 مئی 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے یوم شہادت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تاجدار کائنات ﷺ کا فرمان ہے کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی رضی اللہ عنہ اسکا دروازہ ہیں۔ شہر علم کے دروازے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے 12 ہزار سے زائد احادیث مبارکہ مروی ہیں، حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم آفتابِ اہلِ بیت اطہار اور شارح قرآن و حدیث تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی ساری زندگی محبت، امن، اخوت اور اجتماعیت کے درس میں گزری۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلامی تاریخ آپ کی جرات و شجاعت اور ایمان افروز واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ آپ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ رشد و ہدایت کے اسباق سے مزین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر عظمت اور خوش نصیبی کیا ہو گی کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے ایک موقع پر آپ رضی اللہ عنہ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: ”جس کا میں مولا ہوں اُس کا علی مولا ہے۔ اے اللہ! تو اُسے دوست رکھ جو اس (علی رضی اللہ عنہ) کو دوست رکھے اور اُس سے عداوت رکھ جو اِس سے عداوت رکھے۔“

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آپ رضی اللہ عنہ نے زندگی کے آخری سانس تک اصحاب رسول ﷺ اور امت محمدیہ کو فتنوں اور تفرقوں سے بچائے رکھا، آپ کے اقوال اور ارشادات قیامت تک علم و عرفان کے متلاشیوں کے قلوب و اذہان کو طمانیت بخشتے رہیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا علی رضی اللہ عنہ مجھ سے اور میں علی رضی اللہ عنہ سے ہوں، علی کا ذکر عبادت ہے، علی کے چہرے کو تکنا عبادت ہے، اطاعت علی اطاعت خدا کی ضمانت ہے۔ حدیث میں آتا ہے حضرت علی بیان کرتے ہیں رسول اللہ نے مجھ سے وعدہ فرمایا تھا کہ مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا اور صرف منافق مجھ سے بغض رکھے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top