شہر اعتکاف میں جمعتہ الوداع کا عظیم الشان اجتماع، پاکستان کیلئے دعائیں

مورخہ: 31 مئی 2019ء

امت اللہ کی نصرت کیلئے قرآن و سنت کے راستے پر چلے: ڈاکٹر حسن محی الدین
اللہ کے راستے سے ہٹے تو مشکلات اور تنگ دستی نے گھیر لیا:چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (31 مئی 2019) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شہر اعتکاف میں جمعتہ الوداع کے عظیم الشان اجتماع میں شریک ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ جان لے نجات کا راستہ دین کا راستہ ہے، مسلمان جب سے قرآن کے راستے سے ہٹے انہیں اغیار کے خوف، دھمکیوں، سازشوں نے گھیر لیا، امت کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور برکتیں نبی اکرم ﷺ کی مبارک سیرت پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ رحمت کی یہ مبارک گھڑیاں اللہ سے گڑگڑا کر دعا مانگنے کی ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام پر اپنا کرم فرمائے اور ہ میں تکالیف اور آزمائشوں سے باہر نکالے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے بول بالا کیلئے حاصل کیا گیا، اللہ کی تائید و نصرت کے لیے ہمیں قرآن و سنت کے راستے پر چلنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نافرمان اقوام دردناک عذاب میں مبتلا ہوئیں، اللہ تعالیٰ جس فرد یا قوم سے ناراض ہوتا ہے تو اسے خوف، بے بسی اور ہزیمت گھیر لیتی ہے، معاشی تنگی اور غربت بھی اللہ کے عذابوں میں سے ایک عذاب ہے، آج ہم معیشت کی تباہی کا رونا روتے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری کی تکلیف میں مبتلا ہیں لیکن ہم نے ان تکالیف سے نکلنے کیلئے اپنے اعمال پر توجہ دینے کی کبھی کوشش نہیں کی، انہوں نے کہا کہ برکتیں اور آسودگی اللہ کی نافرمانی ترک کرنے سے میسر آئیں گی، جب ہم نماز، روزہ، حج، زکوۃ، صدقات، خیرات، صبر، شکر، اعتدال، تقویٰ، رواداری، امربالمعروف و نہی عن المنکر کے اوصاف سے متصف ہونگے تو اللہ کی نعمتوں کا نزول شروع ہو جائیگا، جمعتہ الوداع کے موقع پر ہزاروں معتکفین کے ہمراہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ کی خصوصی دعا کی گئی۔

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، جواد حامد و دیگر رہنماءوں نے بھی جمعتہ الوداع کی نماز شہراعتکاف میں ادا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top