ڈاکٹر طاہرالقادری 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 5ویں برسی پر اہم خطاب کریں گے
قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 5ویں برسی پر ویڈیو لنک پر اہم خطاب کریں گے، برسی کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہو گی، عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 5ویں برسی پر 300 سے زائد شہروں میں قرآن خوانی کی محافل منعقد ہونگی اور 16 جون بروز اتوار مرکزی قائدین شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کے ورثاء پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہم نے بڑے صبر اور تحمل سے یہ وقت گزارا ہے اور اب بھی انصاف کے لیے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈز اور کلرز کو قانونی ریلیف دینے والوں کو یتیم بچوں کے آنسو نظر کیوں نہیں آتے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر رفیق نجم نے لاہور کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 6 شہداء دفن ہیں جن میں تنزیلہ امجد شہید، شازیہ مرتضیٰ شہید، عاصم حسین شہید، غلام رسول شہید، صوفی محمد اقبال شہید، محمد عمر صدیق شہید شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہداء کی قبروں پر رہنما صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد جائیں گے اور ساڑھے 10 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔
تبصرہ