شہداء ماڈل ٹاون کا انصاف پانچ سال بعد بھی نہیں ملا: ملتان میں یوم شہداء پر مقررین کا اظہار خیال

مورخہ: 19 جون 2019ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پانچ سال مکمل ہونے پر تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القران ویمن لیگ کے زیراہتمام یوم شہداء کی تقریبات کا انعقاد ہوا، تعزیتی تقاریب، قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یوم شہداء کی تقریب میں مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی، پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر مرزا ارشدالقادری، رکن الدین ندیم حامدی، قاری توفیق حامدی، احسان سعیدی، سجاد نقشبندی، ارشاد سعیدی، پروفیسر جاویداخترزواری، فیاض حامدی، غلام حسین فریدی اوردیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن ملتان کے صدر یاسر ارشاد دیوان نے کہا ہے کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کا خون ہمارے اوپر قرض ہے۔ ہم اپنے کسی شہید اور زخمی کو نہیں بھولے۔ آخری سانس تک اپنا عہد وفا نبھائیں گے۔ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالا قتل عام پوری دنیا نے دیکھا مگر پانچ سال گزرنے پر بھی انصاف نہیں ملا۔ وزیراعظم عمران خان شہداء ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلانے کا وعدہ یاد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کی مثال پوری تاریخ میں نہیں ملتی۔ وقت کے حکمرانوں نے اخلاقیات کی تما م حدیں پار کرتے ہوئے نہتے اور معصوم عوام کا قتل عام کیا۔ شریف برادران اور انکے حواری ہی ہمارے قاتل ہیں۔ انکے لئے کسی بھی قسم کی رعایت اور معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم شہداء ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

تقریب میں شرکاء نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتار ی کا مطالبہ کیا۔ شہداء کی روح کو ایصال ثواب کرنے کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ مرزا ارشدالقادری نے اختتامی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top