اولیاء اللہ انسانیت سے محبت کی وجہ سے سر بلند ہیں: علماء منہاج القرآن

مورخہ: 21 جون 2019ء

لاہور (21 جون 2019) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کا 46واں سالانہ عرس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے سینئر رہنما علامہ سید ہدایت رسول شاہ نے کہا کہ اولیاء اللہ انسانیت سے محبت کی وجہ سے سر بلند ہیں۔ حدیث نبوی ﷺ ہے ’’جولوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا‘‘ ایسی نیک اور برگزیدہ ہستیوں کےلئے اظہار تشکر کی محافل منعقد ہوتی رہنی چاہئیں جنہوں نے اپنے اخلاص سے انسانیت اور دین کی خدمت کی۔ ڈاکٹر فرید الدین قادری بھی انہی شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے ایک ایسے بیٹے کی دینی خطوط پر تربیت کی جو آج عالم عرب و عجم میں اسلام کے پرچم کو سربلند کر رہا ہے۔ اس بیٹے کو دنیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نام جانتی ہے۔ آج ہم امت مسلمہ کو ایک عظیم سپوت دینے پرڈاکٹر فرید الدین قادری کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں چودھری فیاض احمد وڑائچ، جواد حامد، علامہ رانا محمد ادریس، راجہ زاہد محمود، انجینئر رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، قاضی فیض الاسلام، حاجی محمد اسحاق، ثاقب بھٹی، شہباز طاہر و دیگر خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ فیصل آباد سے ایڈمنسٹریٹر اوقاف ایاز محمود لاشاری، جھنگ سے تحریک منہاج القرآن کے رہنماءوں محمد آصف حجازی، قاری منور حسین قادری، صاحبزادہ محمد حسین مصطفوی، صاحبزادہ محمد رضا المصطفی، خواجہ محمد سلیمان قادری آستانہ عالیہ دربار ماہنی شریف عرس تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔

عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئیر رفیق نجم نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری اپنے وقت کے جید عالم، صاحب تقویٰ، انسانیت سے محبت رکھنے والے ایک صوفی منش بندہ خدا تھے اور اعلیٰ صلاحیت کے طبیب تھے۔ انہوں نے نبض کے موضوع پر عربی زبان میں ایک ایسا شاندارمقالہ تحریر کیا جو برصغیر پاک و ہند میں طب کی دنیا میں نصاب کی شکل اختیار کر گیا۔

عرس کی تقریبات کا آغاز مزار پر چادر پوشی سے کیا گیا اور درجات کی بلندی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس موقع پر درود و سلام پڑھا گیا اور معروف ثناء خوان مصطفی ﷺ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مقررین نے ڈاکٹر فرید الدین قادری; کی شخصیت اور خدمت خلق کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی، عرس کی تقریب کا اختتام محفل ذکر و نعت اور دعا سے ہوا، تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری القراَ سید خالد حمید کاظمی نے حاصل کی، معروف نعت خواں ظہیر بلالی، شہزاد برادران، ارشاد اعظم چشتی کے شاگرد رشید غلام فرید چشتی نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top