فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کا 46واں سالانہ عرس

مورخہ: 20 جون 2019ء

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کا 46واں سالانہ عرس مبارک بستی لوہلے شاہ جھنگ میں صاحبزادہ صبغت اللہ قادری کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ عرس تقریبات کے چیف آرگنائزر ڈائریکٹر دارالعلوم فریدیہ قادریہ علامہ عبدالقدیر تھے۔ عرس تقریب میں چودھری فیاض احمد وڑائچ، جواد حامد، علامہ رانا محمد ادریس، راجہ زاہد محمود، انجینئر رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، قاضی فیض الاسلام، حاجی محمد اسحاق، ثاقب بھٹی، شہباز طاہر و دیگر خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

فیصل آباد سے ایڈمنسٹریٹر اوقاف ایاز محمود لاشاری، جھنگ سے تحریک منہاج القرآن کے رہنماءوں محمد آصف حجازی، قاری منور حسین قادری، صاحبزادہ محمد حسین مصطفوی، صاحبزادہ محمد رضا المصطفی، خواجہ محمد سلیمان قادری آستانہ عالیہ دربار ماہنی شریف عرس تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔

عرس تقریب میں مقامی قائدین میں صاحبزادہ محمد طاہر قادری، علامہ آصف حجازی، علامہ غلام سرور قادری، ڈاکٹر عتیق الرحمن، سکندر اقبال بھٹی قادری، عبدالحمید قادری، محمد اسلم قادری، رانا نصیر قادری، حافظ شکیل قادری، محمد نسیم قادری اور طارق انصاری نے بھی شرکت کی۔

عرس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے سینئر رہنما علامہ سید ہدایت رسول شاہ نے کہا کہ اولیاء اللہ انسانیت سے محبت کی وجہ سے سر بلند ہیں۔ حدیث نبوی ﷺ ہے ’’جولوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا‘‘ ایسی نیک اور برگزیدہ ہستیوں کےلئے اظہار تشکر کی محافل منعقد ہوتی رہنی چاہئیں جنہوں نے اپنے اخلاص سے انسانیت اور دین کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری بھی انہی شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے ایک ایسے بیٹے کی دینی خطوط پر تربیت کی جو آج عالم عرب و عجم میں اسلام کے پرچم کو سربلند کر رہا ہے۔ اس بیٹے کو دنیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نام جانتی ہے۔ آج ہم امت مسلمہ کو ایک عظیم سپوت دینے پر ڈاکٹر فرید الدین قادری کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئیر رفیق نجم نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری اپنے وقت کے جید عالم، صاحب تقویٰ، انسانیت سے محبت رکھنے والے ایک صوفی منش بندہ خدا تھے اور اعلیٰ صلاحیت کے طبیب تھے۔ انہوں نے نبض کے موضوع پر عربی زبان میں ایک ایسا شاندار مقالہ تحریر کیا جو برصغیر پاک و ہند میں طب کی دنیا میں نصاب کی شکل اختیار کر گیا۔

اس سے پہلے عرس کی تقریبات کا آغاز مزار پر چادر پوشی سے کیا گیا اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس موقع پر درود و سلام پڑھا گیا اور معروف ثناء خوان مصطفی ﷺ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مقررین نے ڈاکٹر فرید الدین قادری; کی شخصیت اور خدمت خلق کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔

عرس تقریب میں تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری القراَ سید خالد حمید کاظمی نے حاصل کی، معروف نعت خواں ظہیر بلالی، شہزاد برادران، ارشاد اعظم چشتی کے شاگرد رشید غلام فرید چشتی نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ تقریبات کا اختتام محفل ذکر و نعت اور دعا سے ہوا، تقریب کے آخر میں سید ہدایت شاہ رسول قادری نے اختتامی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top