دعا ہے قومی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیتے: مظہر محمود علوی

مورخہ: 27 جون 2019ء

کھلاڑیوں کو مزید کامیابیوں کیلئے 100 فیصد کھیل پیش کرنا ہو گا: عرفان یوسف
بلے باز وکٹ پر قیام کی عادت اپنائیں، سینئر کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں
ڈراپ کیچز اور مس فیلڈنگ جیتے ہوئے میچز کو شکست میں تبدیل کرنے کی وجہ بن جاتے ہیں
قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا
بنگلہ دیش، افغانستان دونوں ٹیموں کو سنجیدہ لینا ہو گا، غلطی کی کوئی گنجائش نہیں

لاہور (27 جون 2019) منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر عرفان یوسف نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کھلاڑی متحد ہو کر کھیلے، بھارت کیخلاف شکست نے شائقین کرکٹ کو مایوسی کی اتھاہ گہرائیوں میں پہنچا دیا تھا، بھارت کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں کی کھیل سے عدم دلچسپی نے قوم کے ارمانوں پر اوس گرا کر رکھ دی تھی، بھارت کے خلاف میچ میں کرکٹ ٹیم میں اتحاد، اتفاق کا فقدان دکھائی دیا، میڈیا پر گروپنگ کی باتیں بھی ہوئیں، دکھ کی بات ہے کہ اتنا بڑا ایونٹ ہے اور قومی ٹیم متحد ہو کر نہیں کھیلی، کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیمیں اعلیٰ کھیل پیش کرنے کی جدوجہد میں ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم نے بھی غلطیوں سے سبق سیکھ کر کارکردگی میں نکھار پیدا کرکے آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے، پوری قوم کی دعائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ ہیں، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والے اہم میچز میں فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ میں موجود خامیوں پر قابو پانا ہو گا، محنت اور بہتر کھیل ہی کامیابیوں کی وجہ بنتا ہے، دونوں رہنما ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر منصور قاسم اعوان، یونس نوشاہی، ضیاء الرحمن ذلج، فراز ہاشمی، امجد جٹ، انعام مصطفوی، شیخ عتیق الرحمن، حاجی فرخ، حافظ وقار اور محسن شہزاد بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے تمام شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، آئندہ میچز میں کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، بلے باز وکٹ پر قیام کی عادت اپنانا ہو گی، سینئر کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، فیلڈنگ کا معیار بھی بہتر بنانا ہو گا، ڈراپ کیچز اور مس فیلڈنگ جیتے ہوئے میچز کو شکست میں تبدیل کرنے کی وجہ بن جاتے ہیں، آئندہ میچز میں یقیناً غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

عرفان یوسف نے کہا کہ عالمی کرکٹ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی کیلئے بقیہ دو میچز میں بھی اچھا کھیل کر بہتر رنز کی اوسط کیساتھ کامیابی حاصل کرنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ قومی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ میں آگے بڑھ سکے، پورا ملک قومی ٹیم کی کامیابیوں اور اچھی کارکردگی کیلئے دعا گو ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو کامیابیوں کیلئے 100 فیصد کھیل پیش کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top