دین کی دعوت مرد وعورت دونوں کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں اسلام میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی مساوی طور پر امر بالمعروف نہی عن المنکر، اقامت صلوۃ، اطاعت زکوۃ، اطاعت اللہ اور اطاعت رسول ﷺ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں یہ خیال آ جائے کہ قرآن میں صرف مردوں کا ذکر ہے تو اس خیال کو رد کر دینا چاہیے کیونکہ قرآن کریم واضح طور پر مؤمن مردوں اور مؤمن عورتوں کو ایک دوسرے کا رفیق اور مددگار قرار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب دین کی خدمت کا میدان ہو تو خواتین مردوں سے پیچھے نہیں بلکہ اکثر اوقات آگے دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے موجودہ دینی اجتماعات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی شرکت مردوں سے کہیں بڑھ کر ہوتی ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ دین کی دعوت میں خواتین کا کردار مرکزی ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کا اپنےخطاب میں کہنا تھا کہ کوئی گھر، کوئی کنبہ اور کوئی جماعت اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتی جب تک اس میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل نہ ہوں۔
انہوں نے اسلامی تاریخ کے اہم لمحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہجرت حبشہ اور ہجرت مدینہ کے مواقع پر صرف مرد ہی نہیں بلکہ خواتین بھی شامل تھیں۔ جب بیعت عقبہ اولیٰ و بیعت عقبہ ثانیہ کے مقام پر 73 افراد نے بیعت کی، تو ان میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دار ارقم میں جب دعوت کا پیغام سنایا جا رہا تھا تو سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ سننے والی، سیکھنے والی، سہارا بننے والی، ناصح اور مشیر کے طور پر موجود تھیں۔سیدہ خدیجہؓ نہ صرف رسول کریم ﷺ کی معاون بنیں بلکہ اپنی بصیرت، تجربے اور حکمت کے ساتھ دین کی خدمت میں ایک مثال بن کر سامنے آئیں۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین کی دعوت اور پیغام کو صرف مردوں تک محدود کرنا درست نہیں، بلکہ خواتین نے ہر دور میں دین اسلام کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا ہےایسی جماعتیں وجود میں آنی چاہئیں جو مردوں اور خواتین دونوں پر مشتمل ہوں، کیونکہ اسلام کا پیغام مکمل شراکت داری اور مساوات کا پیغام ہے۔
تبصرہ