روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاک سعودی دوستی کی ایک اعلیٰ مثال ہے: منہاج القرآن علماء کونسل

حجاج کرام کو سہولیات ملنے پر سعودی عرب اور حکومت پاکستان مبارکباد کی مستحق ہیں
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاک سعودی تعلقات کو مزید پختہ کرے گا، رہنماؤں کا اجلاس سے خطاب
منصوبہ قابل تحسین اور پاکستانی حجاج کرام کی بہت بڑی خدمت ہے، علامہ امداد اللہ خان قادری
روڈ ٹو مکہ منصوبے کا دائرہ کار بتدریج ملک کے دیگر ایئرپورٹس تک بھی بڑھایا جائے: علامہ میر آصف اکبر

لاہور (6 جولائی 2019ء) منہاج القرآن علماء کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مرکزی صدر علامہ امداد اللہ خان قادری نے کی، اجلاس میں مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر سمیت دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں پاکستان اور سعودی حکومت کو روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت خصوصی حج سہولتیں دینے پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ خان قادری نے کہا کہ حجاج کرام کی سعودی عرب کی بجائے اسلام آباد اور کراچی میں امیگریشن کا انتظام قابل تحسین اقدام اور حجاج کرام کی بہت بڑی خدمت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو یہ شاندار سہولت اور تحفہ دینے پر سعودی حکومت، حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، یقینا یہ کاوش قابل تحسین اور حجاج کرام کی بہت بڑی خدمت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد اور مخلص ترین دوست ہے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاک سعودی دوستی کی ایک اعلیٰ مثال ہے، دونوں حکومتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔

میر آصف اکبر نے کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر منتخب کیے جانا بھی پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ اس شاندار منصوبے سے اب حجاج کرام کو لمبی لمبی قطاروں میں لگنے کی بجائے یہ تمام سہولتیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی میسر آجایا کریں گی اور ان کا سامان اس اعلیٰ منصوبے کے تحت براہ راست حجاج کرام کی رہائش گاہوں تک پہنچ جائے گا۔

میر آصف اکبر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگلے سال تک روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار اسلام آباد، کراچی ایئرپورٹ کے بعد بتدریج ملک کے دیگر ایئرپورٹس تک بھی بڑھایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی اور اسلامی بھائی چارے کے جس لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی حکومت کی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت ان تعلقات کو مزید پختہ کرے گی، انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستانی حجاج کو اب سعودی عرب میں لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمتیں نہیں اٹھانا پڑیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا پانچواں بنیادی رکن ہے، اللہ تعالیٰ کی بندگی اور اطاعت کا مظہر ہے۔

اجلاس میں علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، علامہ امداد اللہ شاہ، علامہ اکرم طیب، علامہ عثمان سیالوی، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ محمد لطیف مدنی، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ رفیق رندھاوا سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top