پاکستانی خواتین انفرادی اور اجتماعی طور پر ملکی استحکام کےلئے کردار ادا کریں: فرح ناز

ویمن امپاورمنٹ کا مطلب خواتین کو تعلیم اور معاشی حوالے سے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے
پڑھی، لکھی عورت ہی اسلام، پاکستان کی آن اور شان ہے: مرکزی صدر منہاج ویمن لیگ

Minhaj ul Quran Women League

لاہور (17 جولائی 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ ویمن امپاورمنٹ کا مطلب خواتین کو تعلیم اور معاشی حوالے سے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ ایک پڑھی لکھی خاتون ہی ملکی ترقی کےلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کو وراثت میں حصہ دار بنا کر معاشی تحفظ کیا اور خواتین کے ماں، بہن، بیٹی، بیوی کی صورت میں حقوق و فراءض متعین کئے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 30 سال قبل تعلیمی، تربیتی اہداف کے حصول کےلئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاءون میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، آمنہ بتول، کلثوم طفیل، کلثوم جاوید، انیلہ ڈوگر، ڈاکٹر نوشابہ سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی حقوق کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کے حقوق کی بڑی اور موثر آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی طور پر ملکی استحکام کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں امن و ترقی کےلئے جو ویژن دیا ہے اس میں خواتین کا مرکزی کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اور امت مسلمہ کی خواتین میں اس شعور کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے جس سے اسلام کی توقیر و عظمت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے خواتین کی تعلیم و تربیت کےلئے سینکڑوں سکول، کالجز اور عالمی معیار کی یونیورسٹی قائم کی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں پرائمری جماعت سے لے کر پی ایچ ڈی تک معیاری تعلیم فراہم کی جاتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ایک پڑھی، لکھی عورت ہی اسلام، پاکستان کی آن اور شان ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top