صوفیا ئے کرام نے انسانیت سے محبت کی تعلیم دی: خرم نواز گنڈاپور

قدوۃ الاولیاء حضرت سیدنا طاہر علاؤ الدین الگیلانی اولیائے اللہ میں سے تھے
اعتدال پر مبنی معاشرے کے قیام کےلئے صوفیاء کی تعلیمات پر عمل کیا جائے: مقررین
قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی کے 28 ویں سالانہ عرس کے موقع پر کانفرنس
شہزاد رسول، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، الطاف گیلانی، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، پروفیسر نور احمد نور کی شرکت

Mahfil e Naat

لاہور (25 جولائی 2019ء) تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء حضرت پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے 28 ویں سالانہ عرس کے موقع پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں’’اعتدال پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے صوفیاء کا کردار‘‘ کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوئی۔ صدارت صاحبزادہ سید احمد نور الدین گیلانی القادری نے کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ صوفیاء نے اعتدال اور رواداری سکھائی اور انسانیت سے محبت کی تعلیم دی۔ پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی عرب نژاد تھے وہ خدمت دین وانسانیت کیلئے اسلاف کے طریقہ کارکے مطابق عراق سے پاکستان تشریف لائے اور آخری سانس تک علم و عرفان کی تعلیم دیتے رہے اور محبتیں بانٹتے رہے، آپ تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست ہیں اور انکا روحانی فیض تحریک منہاج القرآن کی صورت میں دنیا کے چپے چپے کو روشن کر رہا ہے، وہ اولیائے اللہ میں سے تھے۔ اگر ہم صوفیاء کی تعلیمات کو سمجھ لیں تو معاشرے میں پائی جانیوالی نفرت، تنگ نظری اور بد امنی کا خاتمہ ہو جائے، حالات کا تقاضا ہے کہ قیام امن کیلئے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعلیمات صوفیاء کاپرچار کیا جائے۔ صوفیاء کرام کی زندگیاں خدمت دین اور اصلاح امت کیلئے وقف تھیں۔

کانفرنس کے آغاز میں قاری سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوان اختر حسین قریشی، ظہیر بلالی، علی حیدر، علی رضا بابر، محی الدین بابر نے حضور سرور کونین ﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس کے میزبان ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری، راشد حمید کلیامی، حاجی محمد اسحق، حافظ علامہ عابد بشیر قادری، سہیل احمد رضا، ثاقب بھٹی و دیگر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کانفرنس میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر منہاج القرآن کینیڈا، سید الطاف گیلانی، جواد حامد، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود و دیگر مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما ؤں نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ وقت کے ولی اللہ اور نابغہ روزگار ہستی تھے۔ سیدنا طاہر علاؤ الدین رحمۃ اللہ علیہ نے لاکھوں لوگوں کے دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی۔ سیدنا طاہر علاؤالدین رحمۃ اللہ علیہ نے امن، اعتدال، دوستی، محبت اور اسلام کے آفاقی پیغام کو عام کیا۔ شہزاد رسول قادری، حافظ عابد بشیر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے اپنے خطابات میں قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کی منہاج القرآن اور اسکے کارکنان پر شفقتوں اور محبتوں کا ذکر کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ حضور قدوۃ الاولیا علم و عمل، شریعت و طریقت کی دنیا کے عظیم بزرگ تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top