فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے دینی مدارس کو نصاب اور طریقہ تدریس بدلنا ہوگا: خرم نواز گنڈاپور

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام 30 روزہ تربیتی کورس کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب
تقریب سے ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، راشد کلیامی، شفاقت بغدادی نے بھی خطاب کیا
یہ لمحہ فکریہ ہے کہ دینی مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ کیلئے موذن اور آئمہ مساجد بننے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوتا: مقررین

لاہور (27 جولائی 2019ء) تحریک منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیرا ہتمام 30روزہ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور منتشر قوم کو ایک کرنے کے لیے دینی مدارس کو عصری ضروریات کے مطابق اپنا نصاب اور طریقہ تدریس تبدیل کرنا ہو گا۔ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ دینی اداروں کے فارغ التحصیل طلباء کے پاس موذن اور آئمہ مساجد بننے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہوتا۔

آج نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ تربیت دینے اور جدید عصری علوم پڑھانے کی ضرورت ہے۔ الحمدللہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز یہ تعلیمی تربیتی ضرورت پوری کررہا ہے۔ حکومت پاکستان 72 سال بعد مدارس سے جس نصاب اور طریقہ تدریس کی توقع کررہی ہے منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے یہ کام 1986ء سے کر رہے ہیں اور الحمدللہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پاکستان میں دین کے ساتھ ساتھ جدید وعصری علوم پڑھانے والا واحد تعلیمی ادارہ ہے جس کے فارغ التحصیل سکالر عالم اسلام کی ممتاز الازہر یونیورسٹی مصر میں بطور پروفیسر پڑھارہے ہیں۔ اس کے علاوہ کالج ھذا کے سکالرز، بینکنگ، صنعتی شعبہ، فورسز کے ساتھ ساتھ تدریسی شعبہ جات میں ایک مثالی پروفیشنل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تقریب سے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر راشد حمید کلیامی نے بھی خطاب کیا، تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، کرنل (ر) فضل مہدی، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، شفاقت اللہ بغدادی نے خصوصی شرکت کی اور کامیابی کے ساتھ 30 روزہ تربیتی کورس مکمل کرنے والے سینکڑوں طلباء کو اسناد دیں۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں میٹرک پاس طلباء کے لیے داخلے جاری ہیں، یہ واحد کالج ہے جو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے الحاق شدہ اور منہاج یونیورسٹی کے تحت طلباء کو انٹرمیڈیٹ سے لے کر پی ایچ ڈی تک تعلیم دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داخلہ حاصل کرنے کے حوالے سے طلباء کے ٹیسٹ کی آخری تاریخ 19 اگست ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top