بیرون ملک مقیم پاکستانی امن کے سفیر ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین
یورپ میں مقیم پاکستانی قانون پسندی اور اخلاص کی وجہ سے احترام کی نظر سے دیکھتے جاتے ہیں
منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کوپن ہیگن ڈنمارک میں ایگزیکٹو کونسل سے خطاب
لاہور (30 جولائی 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ امریکا، برطانیہ، یورپ میں مقیم پاکستانی امن کے سفیر ہیں اور بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں، ڈنمارک سمیتیورپ میں مقیم پاکستانی قانون پسندی اور اخلاص کی وجہ سے احترام کی نظر سے دیکھتے جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوپن ہیگن ڈنمارک میں منہاج القرآن کے فورمز کے ایگزیکٹوز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے صدر ڈاکٹر عُرفان ظہور احمد، ہیڈ آف ایجوکیشن ڈنمارک مفتی ارشاد حسین سعیدی، نارتھ ویسٹ کے صدر حافظ سجاد احمدنے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں ذیلی تنظیم پروگریسو سٹیزن، منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کونسل التزکیہ، منہاج سسٹر لیگ، منہاج یوتھ لیگ کے ذمہ داران نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن سے وابستہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنی سماجی اور پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز اسلامی تعلیمات، اقدار اور ثقافت کے محافظ ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے اسلامی سنٹرز اور ذمہ داران بیرون ملک مقیم مسلم خاندان کے بچوں اور بچیوں کو قرآن و سنت کی بنیادی تعلیمات کی فراہمی میں بھی پیش پیش ہیں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل نے بیرون ملک مقیم مسلم خاندانون کو اتحادو یکجہتی کی لڑی میں پرورکھا ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ یورپ میں مقیم مسلم خاندان قانون کے احترام، اعلیٰ تعلیم کے حصول اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں انتہائی لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
تبصرہ