پاکستان کے عوام قدرتی ٹیلنٹ سے مالا مال ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 25 اگست 2019ء

امت مسلمہ تفرقہ بازی سے باہر نکل آئے تو زوال کمال میں بدل جائے گا، گلاسگو میں خطاب
منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے تعلیم یافتہ دینی اقدارسے ہم آہنگ نسل پروان چڑھا رہی ہے

لاہور (24 اگست 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گلاسگو میں مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے ممتاز پاکستانیوں سے خصوصی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ جب قرآن کا سبق’لا تفرقو‘ اچھی طرح یاد کر لے گی تو زوال کمال میں بدل جائے گا۔ تفرقہ بازی اور نفاق امت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کو دیمک کی طرح چاٹ رہاہے۔ امت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرامین کے مطابق عملاً جسم واحد کا نمونہ بن جائے تو ہر قسم کی حق تلفی اور استحصال ختم ہو جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ یہ زوال اور فتنے کا دور ہے، قرآن و سنت نے ہر طرح کی رہنمائی فراہم کی ہے، علم ،تحقیق اور ٹیکنالوجی کا راستہ اپنا کر امت اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام قدرتی ٹیلنٹ کی دولت سے مالا مال ہے۔ آج دنیا کے ہر ملک میں پاکستان کے ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنسدان اور بزنس مین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ باصلاحیت پاکستانی شہری اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک علمی، تحقیقی اور اصلاحی تحریک ہے۔ آج پاکستان میں سینکڑوں تعلیمی ادارے منہاج القرآن کی فکری رہنمائی میں کام کر رہے ہیں اور ان اداروں میں ہر سال ہزاروں نوجوان علم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ محب وطن اور دینی اقدار سے ہم آہنگ نسل کی تیاری منہاج القرآن کا عالمگیر کاوشوں کا مرکز و محور ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top