سابق کرپٹ حکمرانوں کی نا اہلیوں کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور ڈینگی پورے ملک میں پھیلا: رفیق نجم

خطرناک وباء پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں کی تائید کرتے ہیں، مزید اقدامات اٹھائے جائیں : نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
ڈینگی کے پرزور حملوں سے بچاؤ کےلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی متحرک ہونا ہوگا: حافظ غلام فرید
منہاج موبائل کلینک و لیب پورے لاہور میں ڈینگی کے فری ٹیسٹ کر رہی ہے: ثناء اللہ خان

لاہور (26 ستمبر 2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئرمحمد رفیق نجم نے کہا کہ ڈینگی کی دہشت کی وجہ سے لوگ ملیریا کو بھول گئے ہیں۔ آج کی نسل ملیریا سے زیادہ ڈینگی سے واقف ہے۔ سابق کرپٹ حکمرانوں کی نا اہلیوں، صحت کے شعبے کو ترجیح نہ دینے کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور ڈینگی پورے ملک میں تیزی سے پھیلا۔ دونوں خطرناک امراض کا تعلق ماحولیاتی آلودگی، ناقص خوراک، آلودہ پانی اور اس میں پرورش پانے والے جراثیم اور مچھروں سے ہے۔ سابق نام نہاد خادم اعلیٰ نے صاف پانی کے منصوبوں کے نام پر ملکی خزانہ لوٹا۔ موجودہ حکومت اگر ڈینگی کے موسم سے قبل ہی حفاظتی تدابیر اختیار کر لیتی اور آگاہی مہم شروع کر لیتی تو ڈینگی پر قابو پایا جا سکتا تھا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہوراشتیاق حنیف مغل، انجینئےرثناء اللہ خان، حفیظ اللہ جاوید، میاں حنیف، ساجد اصغر، رمضان ایوبی، میاں ممتاز، اصغر ناز، ریحان چوہدری و دیگر بھی موجود تھے۔

رفیق نجم نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ڈینگی کے انسداد پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ وزیر اعلیٰ اور وزراء کے ڈینگی کے خاتمے کےلئے مختلف شہروں کے ہنگامی دورے خوش آئند ہے۔ خطرناک وباء پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں کی تائید کرتے ہیں حکومت کو مزید متحرک ہونا ہو گا اور مزید اقدامات کرنے ہونگے یہ انسانی جانوں اور صحت کا معاملہ ہے۔

منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہاکہ ڈینگی کے پرزور حملوں سے بچاؤ کےلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی متحرک ہونا ہوگا۔ حکومت اور عوام کو مل کر وہ تمام اقدامات کرنا ہونگے جس سے اس خطرناک وباء پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنے کی بجائے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، حافظ غلام فرید نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈینگی کے ٹیسٹ کی سہولتوں کا آغاز قابل تحسین ہے اگر اس کے ساتھ ادویات کی فراہمی کا اعلان بھی ہو جائے تو بہترین ہو گا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہورکے ناظم انجینئر ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈینگی مکاؤ مہم میں اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی فری ڈسپنسریوں میں ڈینگی کے فری ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں اور مستحق مریضوں کو ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منہاج موبائل کلینک و لیب پورے لاہور میں ڈینگی کے فری ٹیسٹ کر رہی ہے اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی تشخیص پر مریضوں کو ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں مچھر مار سپرے اور سموگ سپرے بھی کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top