وزیراعظم پاکستان کے ہاتھوں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات کی تقسیم

وزیراعظم پاکستان نے کالج کے تین پوزیشن ہولڈرطلبہ کو انعامات سے نوازا
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی منہاج القرآن کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تعریف
دین ودنیا کے علم سے آراستہ نسل کی تیاری واحد ہدف ہے: ڈاکٹر ممتاز الحسن

لاہور (2 اکتوبر 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تعلیمی ادارہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے تین طلبہ محمد نشاط درانی، حسن شیر، محمد عمر رضا کو بورڈ اور یونیورسٹی کے امتحانات میں پوزیشنز لینے پر گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس بلا کر شاباش دی اور طلبہ کو انعامات سے نوازا۔ ایک طالبعلم نے انٹرمیڈیٹ، ایک نے بی ایس عریبک سٹڈی اور ایک طالبعلم نے بی ایس اسلامک سٹڈیز میں پوزیشنز حاصل کیں تھیں۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ریاست کی سطح پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے قائم کردہ ممتاز تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا اور کالج کے معیار تعلیم اور عصری نصاب کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پاکستان کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جو جامعہ الازہر مصر سے الحاق شدہ ہے اور یہاں کے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے مصر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں حصول علم کے لیے جاتے ہیں اور اس وقت کالج ہذا کے فارغ التحصیل سکالرز پاکستان سمیت یورپ، امریکہ، مڈل ایسٹ میں ایک کامیاب پروفیشنل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اور دنیا کی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی، روحانی تربیت کالج آف شریعہ کا امتیاز ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے خصوصی دورہ کے موقع پر تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جس طرز کے دینی مدارس کے امتحانی اور نصابی نظام کے نفاذ کی خواہش رکھتی ہے ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ تعلیمی ادارہ عرصہ دراز سے اس پر عمل درآمد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ دینی مدارس میں زیر تعلیم طلبہ ایسی عصری تعلیم حاصل کریں اور ڈگریاں لیں جن کی پوری دنیا میں عزت بھی ہو اور ملازمت کے باوقار مواقع بھی میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے حوالے سے تمام مسالک کے بورڈ آف مدارس بھرپور تعاون کررہے ہیں، انشاء اللہ تعالیٰ علمائے کرام کے تعاون سے دینی مدارس اور یہاں زیرتعلیم طلبہ کو پاکستان کے باوقار، ذمہ دار شہری اور کامیاب پروفیشنل بنائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top