پاکستان کا خوشحال مستقبل بامقصد عصری تعلیم سے وابستہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
مدارس کو قومی دھارے کا حصہ بنانے کے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں
سیکرٹری جنرل کی بورڈ میں پوزیشنیں لینے والے کالج آف شریعہ کے طلبہ کو مبارکباد
لاہور (3 اکتوبر 2019) تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مدارس کو قومی دھارے کا حصہ بنانے کے لیے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں، انہوں نے منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے بورڈ میں پوزیشنیں لینے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔ وہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پروفیسرز اور لیکچررز سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے دینی اور دنیاوی علوم کی تدریس کا ایک کامیاب تعلیمی، نصابی ماڈل متعارف کروایا ہے جسے وفاقی وزارت تعلیم اور تعلیمی ماہرین نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو قومی تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے ہمارے تعلیمی ماہرین مفت خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مدارس کے طلبہ کو شیلڈز دینے اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہنے کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے 3پوزیشن ہولڈرز طلبہ بھی انعامی شیلڈز حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ ہر سال مختلف بورڈز میں پوزیشین حاصل کرتے ہیں جو بہترین نصاب اور اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز عالم اسلام کی ممتاز یونیورسٹی جامعہ الازہر سے الحاق شدہ ہے، یہاں پر بچوں کو دینی، دنیاوی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا بھی خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔ اب تک سینکڑوں طلبہ پی ایچ ڈی، ایم فل اور ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں اور پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بامقصد عصری تعلیم سے وابستہ ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کو ایسی تعلیم دینے کی ضرورت ہے جس سے انہیں اسلام کے احکامات اور تقاضوں کے متعلق بھی مکمل آگاہی حاصل ہو۔ دین کو مائنس کر کے یا دنیا کو مکمل طور پر مائنس کر کے دی جانے والی تعلیم کے وہ نتائج کبھی بھی حاصل نہیں ہو سکیں گے جن سے ترقی اور خوشحالی کے اہداف جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنز کے طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی پر کالج ہذا کے تمام پروفیسرز اور ایچ او ڈیز کو مبارکباد دی۔
تبصرہ