تحریک منہاج القرآن لاہور کی ضلعی تنظیم کے انتخابات مکمل، حافظ غلام فرید صدر منتخب

تحریک منہاج القرآن لاہور کی ضلعی تنظیم کے انتخابات مکمل ہوگئے۔ انتخابات کی نگرانی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور اور نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔ منہاج القرآن لاہور کی جملہ تنظیمات علماء کونسل، یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران، منہاج القرآن لاہور کے رفقاء (ممبرز) نے انتخابی عمل میں حصہ لیا اور ووٹ ڈالے۔

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے اور ووٹوں کی گنتی کے بعد ناظم اعلیٰ منہاج القرآ ن خرم نواز گنڈاپور اور محمد رفیق نجم نے نو منتخب عہدیداران کا باضابطہ اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق حافظ غلام فرید منہاج القرآن لاہور کے صدر، اشتیاق حنیف مغل ناظم اور حاجی محمد حنیف ناظم مالیات منتخب ہوئے۔ لاہور کی جملہ تنظیمات نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے انتخابی عمل کے تمام مراحل کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ نو منتخب عہدیداران کوچیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیر(ر) اقبال احمد خان ، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلی محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، چوہدری افضل گجر ودیگررہنماءوں نے مبارکباد دی۔

خرم نواز گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ منہاج القرآن اصلاح احوال اور تجدید دین کی عالمگیر تحریک ہے امن، محبت کافروغ اور انسانیت کی خدمت منہاج القرآن کا مشن ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے موجودہ نظام کی اصلاح کے لئے ہمیشہ اور قابل عمل تجاویز دیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے اندوہناک واقعات اس نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ 5 سال گزر گئے 14 شہدا کے ورثا کو انصاف نہیں ملا۔

نو منتخب صدر حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو پورے لاہور میں آرگنائز کیا جائے گا بہت جلد ضلعی، تحصیلی و یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی مکمل کی جائے گی۔ عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائےگا، عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور ہر سال کی طرح اس سال بھی میزبانی کرے گا اور صرف لاہور شہر سے لاکھوں مرد و خواتین کانفرنس میں شرکت کر کے اپنے آقا و مولا حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top