تحریک منہاج القرآن کے وفد کا جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ

تحریک منہاج القرآن کے وفد نے ڈائریکٹر انٹرافیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن سہیل احمد رضا کی سربراہی میں حوزہ علمیہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کا دورہ کیا اور شیخ الجامعہ و معروف شیعہ عالم و محقق علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔ جامعہ آمد پر شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ناظم علامہ توقیر عباس نقوی، رضوان عابدی جعفری اور ناصر مہدی کربلائی نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں علامہ لطیف مدنی منتظم گوشہ دورد مینارۃ السلام، علامہ غلام ربانی تمور نائب ناظمِ دعوت منہاج القرآن، الطاف حسین رندھاوا ڈپٹی دائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن، محمد الیاس ڈوگر ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹیز منہاج القرآن، طیب ضیا نورانی کوآرڈینیٹر تنظیمات، تنویر اعظم سندھو رہنما پاکستان عوامی تحریک لاہور اور علامہ اصغر ساجد نائب امیر تحریک لاہور شامل تھے۔

وفد کے شرکاء نے علامہ جواد نقوی سے باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مُرتّبہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر سہیل رضا کا کہنا تھا کہ علامہ سید جواد نقوی کی قیادت میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ بالکل غیر روایتی انداز میں جدید خطوط پر اسلام کی نشاۃ الثانیہ کے لیے کوشاں ہے اور نئی نسل میں تعلیم و تربیت کے ساتھ اتحادِ امت کا جذبہ پروان چڑھا رہا ہے۔ جامعہ کا نظم و نسق اور تعلیم و تربیت قابلِ تقلید اور لائق ستائش ہے۔ دورِ جدید میں اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں عصری و دینی تعلیم کے ساتھ تربیت اور اتحادِ امت کی سوچ کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے فاضلین معاشرے میں بین المسالک ہم آہنگی اور اعلیٰ معاشرتی اقدار کے فروغ میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے۔ سہیل احمد رضا نے علام سید جواد نقوی کو جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ دونوں جامعات میں فاضلین، مدرسین اور محقیقن کے باہمی تبادلہ خیال کے مختلف اوقات میں دورہ جات کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اکٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

علامہ سید جواد نقوی نے وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تکمیل پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی اعلیٰ علمی کاوش کو عالم اسلام کے لیے نادر تحفہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کو درپیش چیلنجز سے نبٹنے کے لیے بین المسالک ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن کا کردار نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں جامعات کے باہمی تعلقات سے معاشرے میں مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوں گے۔

ملاقات کے بعد وفد نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات، طلباء ہاسٹل، مسجد بیت العتیق، مرکزی لائبریری، بعثت ٹی وی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top