حضرت داتا علی ہجویری نے حصول علم کو تصوف کی پہلی سیڑھی قرار دیا: ڈاکٹر حسین قادری

صوبائی وزیر صاحبزادہ سعید الحسن شاہ کے ہمراہ مزار پر چادر چڑھائی، ملکی سلامتی کیلئے دعا
تصوف علم کے بغیر ابہام ہے، صوفیائے کرام وقت کے عالم بھی تھے: صدر منہاج القرآن

لاہور (18 اکتوبر 2019ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری دی، صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ کے ہمراہ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور اتحاد امت و پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سینئر رہنما راجہ زاہد محمود، علامہ میر آصف اکبر، منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید، شہزاد رسول، سہیل رضا، حاجی فرخ ودیگر رہنما موجود تھے۔ مزار پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے حصول علم کو تصوف کی پہلی سیڑھی قرار دیا ہے۔ تصوف علم کے بغیر ابہام ہے، صوفیائے کرام وقت کے عالم بھی تھے۔ اولیائے اللہ اپنے انسان دوست کردارکی وجہ سے ہر مذہب اور فرقے کے افراد میں یکساں محترم اور قابل قبول تھے یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں سال گزر جانے کے بعد بھی اولیائے اللہ کی درگاہیں مرجع خلائق ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا مزید کہنا تھا کہ کہ سچا صوفی پہلے علم حاصل کرتا ہے اور پھر اس علم کے ذریعے ادب اور عمل کو اپنے اوپر وارد کرتا ہے، تصوف اور مجاہدہ کی گھاٹی بعد میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے لوگ بھی ظاہر ہو نا شروع ہو گئے جنہوں نے علم کے بغیر تصوف کی گھاٹی چڑھنے والوں کی کوشش کی اور ابہام پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ حضور داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شہرہ آفاق کشف المحجوب میں مضامین کی جو ترتیب دی ہے اس میں علم پہلے نمبر پر، ادب اور عمل دوسرے نمبر پر اور اس کے بعد مجاہدات اور زہد و عبادات آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولیائے اللہ اپنے مریدین اور چاہنے والوں کو انسانیت سے محبت کرنا اور پاکیزہ اخلاق اختیار کرنے کی تعلیمات دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی حیات میں نفرت اور تفرقہ بازی نہیں تھی اور نہ ہی کفر کے فتوے دئیے جاتے تھے، جیسے جیسے علم اور عمل زندگیوں سے نکلتے گئے تو ان کی جگہ نفرت اور تفرقہ بازی نے لے لی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top