گللگت: سیاچن کے دامن میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی

تحریک منہاج القرآن گلگت بلتستان کے زیراہتمام خپلو ان ہوٹل میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم تصنیف قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی 18 اکتوبر 2019ء کو بعد نماز جمعہ منعقد ہوئی، گلگت بلتستان کے ضلع گنگچہے کے ہیڈکواٹر خپلو میں منعقدہ تقریب رونمائی میں تحریک منہاج القرآن کے رفقاء، منہاجیینز اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور علامہ حافظ عبدالرحمن نے تلاوت قرآن پاک کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شاعر غلام حسین نے پڑھی۔ پروگرام میں علی محمد منہاجیین نے دوردراز سے تشریف لانے والے مہمانوں کے لیے کلمات استقبالیہ پیش کیے اور قائد تحریک کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔

تقریب میں بلتستان میں تصوف کے معروف محقق غلام حسن حسنو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلتی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ کرنے کا اعزاز ہیڈ ماسٹر غلام مہدی سرمو والے نے حاصل کیا ہے۔ اس بلتی زبان ترجمے کے لئے اردو تراجم میں شیخ الاسلام کا ترجمہ عرفان القرآن کا انتخاب کیا۔ عرفان القرآن اردو تراجم میں ایک منفرد اور معیاری ترجمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جس منظم اور مربوط انداز میں اسلام کی خدمت کر رہے ہیں، اس کی مثال کسی بھی مذہبی ادارے میں نہیں ملتی۔

ماڈل ہائی سکول خپلو کے پرنسپل غلام رسول نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا تصنیف فرما کر تمام کلمہ گو مسلمانوں پر علمی احسان فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کاجو پرامن اور حقیقی چہرہ پیش کیا ہے وہ انہتائی قابل تعریف ہے۔

ڈگری کالج خپلو کے پروفیسر فرید احمد نے کہا کہ تصانیف تو بہت سے لوگوں کی ہیں مگر شیخ الاسلام کے تصانیف نہ صرف محقق اور معیاری ہیں بلکہ اکثر تصانیف جدید کی ضروریات پوری کرتی ہیں۔ ان میں سے ایک اہم تصنیف قرآنی انسائیکلو پیڈیا ہے۔

علی گڑھ سکول کے پرنسپل خادم حسین اشراقی نے کہا امربالمعروف تو ہر کوئی کرتا ہے مگر ڈاکٹر طاہرالقادری کی انفرادیت یہ کہ وہ نھی عن المنکر بھی کرتے ہیں۔ آپ کی شخصیت کثیرالجہتی شخصیت ہے۔

سابق انسپکٹر حاجی محمد سلیم نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا تصنیف فرما کر بہت بڑا کارنامہ سر انجام دیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے کو اپنا معمول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کو معاشرے میں امن محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن گلگت ریجن عبدالحمید منہاجین نے کہا کہ میں آج جس منصب پر فائز ہوں۔ یہ شیخ الاسلام کا فیضان نظر ہے۔ ڈاکٹرطاہرالقادری کی انفرادیت یہ کہ آپ نے ساری دنیا کو اسلام سمجھایا ہے۔ شیخ الاسلام نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا تصنیف فرما کر قرآن سے تعلق جوڑنے کو آسان بنا دیا ہے اس پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

آخر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر NCHD اور ناظم تحریک منہاج القرآن بلتستان ریجن علامہ محمد محسن علی نے کہا کہ میری تحریک سے رفاقت 1986 سے ہے، اس دور پرفتن میں لوگوں کے ذہنوں کو فرقہ واریت اور تنگ نظری نے آلودہ کیا ہوا ہے مگر تحریک منہاج القرآن کا پلیٹ فارم تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کے لیے کھلا ہے۔ انہوں نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کا مختصر تعارف کر نے کے ساتھ شیخ الاسلام کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر قرآنی انسائیکلو پیڈ کے سیٹ تقسیم کیے گئے اور دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top