لودھراں: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مشعل بردار میلاد جلوس و ریلی

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام آمد ربیع الاول پر استقبالیہ میلاد جلوس و ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کا آغاز غوثیہ چوک لودھراں سے ہوا۔ اس موقع پر مشعل بردار ریلی چلڈرن پارک سے برآمد ہوئی اور پریس کلب لودھراں پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھائی ہوئی تھیں اور آمد مصطفیٰ مرحبا مرحبا سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ ریلی کا راستے میں کئی جگہ استقبال ہوا ریلی میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان کے علاوہ عمائدین اور معززین علماء کرام وکلاء دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور نمایندگان بھی ریلی میں شریک ہوئے۔

سابق چیئرمین بلدیہ شیخ افتخار الدین تاری نے تحریک منہاج القرآن کے سالانہ مشعل بردار ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے نوجوانوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعیں روشن کیں۔ ہرسال منہاج القرآن کے مشعل بردار جلوس میں شرکت کرکے روحانی خوشی ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیاں اسلام کے پر امن چہرے کو نمایاں کرتی ہیں۔

میلاد مصطفی کمیٹی کے حافظ محمد اکرم خان کانجو نے غوثیہ چوک میں ریلی کے شرکاء کو استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی ریلی ہمارے شہر کی پہچان بن چکی ہے ہم دل سے منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جذبہ عشق رسول سے سرشار ہوکر یہ اہتمام کیا۔

جماعت اہلسنت کے امیر علامہ احمد سعید جامی نے استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی تحریک منہاج القرآن کے شانہ بشانہ ہے ہم مل کر فروغ اسلام اور عشق رسول کی پرچار کے لیے آگے بڑھیں گے۔

علامہ نصیر بابر منہاجین نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن کے ان نوجوانوں نے مشعلیں اس لیے اٹھائی ہوئی ہیں کیونکہ ان کے دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مشعلیں فروزاں ہیں تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کے تمام نوجوانوں میں یہی عقیدتیں پیدا کرنا چاہتی ہے یاد رہے۔

میلاد جلوس میں ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن کے علاوہ چودھری عبد الغفار سنبل، ضلعی صدر پیر سید شفیق شاہ بخاری، پیر مدثر نقوی، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، ملک عابد جوئیہ، ملک سلطان آرائیں اور فوجی ظہور حسین کے علاوہ دیگر کارکنان نے شاندار انتظامات کیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top