36ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور میں ہو گی: نور اللہ صدیقی
تیاریوں و انتظامات کےلئے سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس آج ہو گا
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے براہ راست خطاب کریں گے
عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مذاہب اور مسالک کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے
منہاج القرآن کا سٹیج بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی و قومی یکجہتی کا آئینہ دار ہو گا: ترجمان منہاج القرآن
لاہور (03 نومبر 2019ء) ترجمان تحریک منہاج القرآن نور اللہ صدیقی نے کہاہے کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 36ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور میں ہو گی، تیاریوں و انتظامات کےلئے سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس 4 نومبر کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دن 11 بجے ہو گا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری براہ راست خطاب کرینگے۔ کارکن آقا ﷺ کی ولادت کا جشن منانے کےلئے بھرپور تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ زمین و آسمان کی تخلیق اورساری نعمتیں تاجدار ختم نبوت ﷺ کے دم قدم سے ہیں۔ نور اللہ صدیقی نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺنے انسانیت کو مساوات اور اخوت کا درس دیا آپکی زندگی انسانیت کیلئے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اللہ کی توفیق سے ہر سال ولادت باسعادت کی نسبت سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا اور میلاد کلچر کو عام کیا اور عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں گھر گھر، گلی گلی میں روشن کیں اور نوجوانوں کے دلوں کو سیرت النبی ﷺ اور عشق مصطفی ﷺ کی روشنی سے ہم آہنگ رکھا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں اندرون و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں علماء مشاءخ و دیگر مذاہب کے نمائندے شرکت کرینگے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مذاہب اور مسالک کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا سٹیج بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی و قومی یکجہتی کا آئینہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز، کانفرنسز کا انعقاد پیغمبر اسلام کی صورت میں میسر آنیوالی اللہ کی بیش قدر نعمت کے اظہار تشکر کا خوبصورت ذریعہ ہیں۔ پیغمبر امن حضرت محمد ﷺ نے غلام کو آقا کے برابر بٹھایا، عورتوں، مزدوروں، جانوروں، پرندوں سمیت کمزور طبقات کے حقوق متعین کئے اور نہیں باوقار سماجی مقام دیا۔
تبصرہ