تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کو مینار پاکستان پر ہو گی

11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کا آئینہ دار ہوتا ہے: خرم نواز گنڈاپور
منہاج القرآن ہر سال آقائے دو جہاں ﷺ کا جشن ولادت عزت و احترام اور جوش و خروش سے مناتی ہے : ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
36ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے سلسلے میں منہاج القرآن کے رہنماؤں کا مینار پاکستان کا دورہ

لاہور (4 نومبر 2019) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کو مینار پاکستان پر منائی جائے گی جس کے انتظامات کےلئے 50 کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، عالمی میلاد کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کرینگے، اس ضمن میں سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے مینار پاکستان کا دورہ کیا۔

انتظامات کے حوالے سے سی ڈبلیو سی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ہر سال آقائے دو جہاں ﷺ کا جشن ولادت عزت و احترام اور جوش و خروش سے مناتی ہے اور اس خوشی میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور تمام مذاہب کے رہنماؤں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کا آئینہ دار ہوتا ہے۔

نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، محمد رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سیکرٹری میلاد مہم جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر، عرفان یوسف، شہزاد رسول قادری، سید امجد علی شاہ، حاجی منظور حسین، سرفراز خان، سعید شاہ، مفتی خلیل حنفی و دیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء سیکرٹری میلاد مہم 2019 جواد حامد کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے سلسلے میں مینار پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد نے عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سیکیورٹی، پارکنگ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ جواد حامد نے تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وفد میں سرفراز خان قادری، ثناء اللہ خان، سلطان چوہدری، سعید اختر، سعید شاہ و دیگر رہنما شامل تھے۔ سیکرٹری میلاد کانفرنس جواد حامد نے مینار پاکستان پر وفد کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان میں خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

International Mawlid un Nabi Conference 2019 Minar e Pakistan Lahore Minhaj ul Quran

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top