منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں مشعل بردار جلوسوں کا سلسلہ جاری

منہاج القرآن لاہور کا واہگہ ٹاؤن میں مشعل بردارجلوس، اونٹوں، بگھیوں اور بیل گاڑیوں پر عربی لباس پہنے بچے شریک
ہر مسلمان کو ماہ میلاد میں خصوصی طور پراپنے آقا و مولا حضرت محمد ﷺ سے محبت کا اظہار کرنا چاہیے: حافظ غلام فرید
آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا: ڈاکٹر شاہد محمود
حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف، ڈاکٹر شاہد محمود، رفیق رندھاوا، اکرم طیب، حاجی امجد، مبین شاہ کی شرکت

لاہور (5 نومبر 2019) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں مشعل بردار جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام واہگہ ٹاؤن سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردارجلوس نکالا گیا۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے۔ جہاں موجود افراد جلوس کا استقبال کرتے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے اور بلند آواز میں سرکار کی آمد مرحبا، حضور آپ آئے تو دل جگمگائے کے نعرے لگاتے رہے۔ جلوس کے راستے میں دونوں اطراف میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے بینرز لگے ہوئے تھے۔ مشعل بردار جلوس میں خوبصورتی سے سجائے گئے اونٹوں، بگھیوں اور بیل گاڑیوں پر عربی لباس پہنے ننھے بچے اور بچیاں دف پر ’’طلع البدر علینا‘‘ کے نغموں سے فضا کو معطر کر رہے تھے۔ شرکائے جلوس نے الیکٹرک مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ جلوس کے راستے میں کئی مقامات پر دودھ اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں درجنوں کبوتر بھی آزاد کئے گئے۔ مشعل بردار جلوس میں علاقے کی مقتدر مذہبی و سیاسی شخصیات اور سکول کے بچوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس کی قیاد ت تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، سنیئر رہنما منہاج القرآن ڈاکٹر شاہد محمود، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب، حاجی محمد امجد، سید مبین شاہ، شفاقت مغل و دیگر رہنما کر رہے تھے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں نے جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر خطابات کئے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدرحافظ غلام فریدنے کہا ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مہینہ ہر مسلمان کیلئے مسرت و شادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے، یہ مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا ہے۔ ہر مسلمان کو محافل میلاد میں شرکت کرکے اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا والہانہ اظہار کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر شاہد محمود نے علماء مشاءخ اور شرکائے جلوس کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا۔ کائنات کے وجود کی رونق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے باعث ہے۔ آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا واحد حل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق کی بحالی میں ہے اور اس تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد سے بڑھ کر کوئی مہینہ نہیں ہو سکتا۔ گلی گلی، قریہ قریہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار ہونا چاہیے۔ گھروں میں چراغاں کریں اور محافل میلاد کا اہتمام کریں۔ مشعل بردار جلوس رہائش گاہ ڈاکٹر شاہد محمود بلال کالونی، سراج پورہ، نصیر آباد، دھوبی گھاٹ کے راستے سے جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا رہائش گاہ صدر تحریک منہاج القرآن واہگہ ٹاؤن حاجی عبد الخالق داروغہ والا چوک پر اختتام پذیر ہوا جہاں ثناء خوانان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گلہائے عقیدت پیش کئے اور علماء مشائخ نے ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top