دنیا کی کوئی خوشی جشن ولادت مصطفی ﷺ جیسی نہیں ہو سکتی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مساوات کی ایک ایسی روایت قائم کی کہ غلام آقا بن گئے اور مجبور معتبر ہوگئے
منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس میں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جوق در جوق شریک ہوں:گفتگو
مینار پاکستان پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے

لاہور (8 نومبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع مسجد المنہاج میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی خوشی جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی نہیں ہو سکتی، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مساوات کی ایک ایسی روایت قائم کی کہ غلام آقا بن گئے اور مجبور معتبر ہو گئے، جو ایک دوسرے کا حق غصب کرنا باعث فخر سمجھتے تھے وہ امانت دار بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ تعالیٰ آج 9 نومبر کی شب مینار پاکستان پر تحریک منہاج القرآن شایان شان طریقے سے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن ولادت منائے گی جس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم و تربیت کا یہ اعجاز تھا کہ بت پرست حق پرست بن کر دنیا کو توحید کا سبق پڑھانے لگ گئے، انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نرم خو، مہربان طبیعت، خوش صحبت، خندہ روح اور تبسم فرمانے والے تھے، وہ آسانی بانٹتے تھے اور آسانیاں بانٹنے والوں کو پسند فرماتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تہذیب و شائستگی، ادب و احترام کے ایک ایسے کلچر کی بنیاد رکھی جس میں کوئی کسی کا حق غصب نہیں کر سکتا تھا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اہل لاہور اور مضافات کے اضلاع کے عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منہاج القرآن کی 36 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں اہل خانہ سمیت شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آقاء کی ولادت کے جشن میں شریک ہو کر کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تجدید عہد وفا کریں۔ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہم خوش قسمت امت ہیں کہ ہمیں ایک ایسے نبی برحق کے عہد میں اللہ نے پیدا کیا جس کا مبعوث فرمانا اللہ کے ہاں ہمارے لیے احسان عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی نجات آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو عدل و انصاف، صبر و تحمل،علم و امن اور اعلیٰ اخلاقیات سے ہم آہنگ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اگر عہد رفتہ کی شان و شوکت کی بحالی چاہتے ہیں تو ہمیں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے سینوں میں داخل کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top