قوموں کی ترقی تعلیم کی مرہون منت ہے: عرفان یوسف
پاکستان کو تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو نہیں پایا جا سکا: مرکزی صدر ایم ایس ایم
قومی طلبہ کنونشن طلبہ کے حقوق اور ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا
قومی طلبہ کنونشن میں اہم مطالبات پیش کریں گے، اجلاس سے خطاب
موومنٹ کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس میں ضیاء الرحمن ضلج، سید فراز ہاشمی، اخلاق حسین، میاں انصر، فرحان عزیز، عمران بھٹی و دیگر کی شرکت
لاہور (17 نومبر 2019ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کوآرڈینیشن کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کی، اجلاس میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز میں ایم ایس ایم کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں یکم دسمبر کو ہونے والے قومی طلبہ کنونشن کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی طلبہ کنونشن میں 10 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کریں گے، اجلاس میں شریک عہدیداران کو قومی طلبہ کنونشن کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ طلبہ رہنماؤں کو دعوت دینے کے لیے ملک بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز میں خصوصی وفود بھیجے جائیں گے، اس حوالے سے 20 سے زائد کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ دنیا میں ان اقوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جو تعلیمی میدان میں آگے ہوں، قوموں کی ترقی تعلیم کی مرہون منت ہے، جن اقوام نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے وہی آج فخر کے ساتھ سر اٹھانے کے قابل ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کو ابتداء سے ہی تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا، ناخواندگی کی اہم وجوہات کم تعلیمی بجٹ، تعلیمی اداروں کی کمی اور وسائل کی کمی ہے، تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ آمدروفت کی سہولتیں، غربت کا خاتمہ، تعلیمی بجٹ میں اضافہ، زیادہ سے زیادہ اساتذہ کا تقرر، والدین میں تعلیمی شعور بیدار کرنا اور یکساں تعلیمی نظام اگر ایسے اقدامات حکومت پاکستان اٹھائے تو پاکستان کو تعلیمی پسماندگی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ضیاء الرحمن ضلج، سید فراز ہاشمی، اخلاق حسین، میاں انصر محمود، فرحان عزیز، فرحان عزیز، عمران بھٹی سمیت مرکزی، زونل اور تحصیل سطح کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔
چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ استحکام پاکستان اور طلبہ حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ قومی طلبہ کنونشن میں اہم مطالبات پیش کریں گے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سلور جوبلی تقریب کے موقع پر منعقد ہونے والا قومی طلبہ کنونشن طلبہ کے حقوق اور ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ عرفان یوسف نے کہا کہ تعلیمی بجٹ کا 5 فیصد تعلیم پر خرچ ہو گا تو تعلیمی مسائل حل ہوں گے۔ ملک ترقی کرے گا۔ ایم ایس ایم ملک کو درپیش تعلیمی مسائل سے نجات دلوا کر ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے۔ اجلاس میں قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ کنونشن میں اہم علمی، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنما اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابق صدور و دیگر عہدیداران بھی کنونشن میں شرکت کریں گے۔
تبصرہ