کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی علمی خدمات پر مذاکرہ

امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ عالم اسلام کے جلیل القدر محدث اور فقیہ ہیں: ڈاکٹرممتاز الحسن باروی
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کوامام اعظم رحمۃ اللہ علیہ پر 5 نئی کتب پر تصنیف کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا

لاہور (23 نومبر 2019ء) منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا ہے کہ امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ عالم اسلام کے ایک جلیل القدر محدث، مجتہد اور فقیہ ہیں۔ آپ نے اپنی خداداد علمی صلاحیتوں اور بصیرت سے ایک دنیا کی علمی پیاس بجھائی اور قیامت تک کے لیے ان کا تحقیقی، فقہی کام اور فتاویٰ جات ملت اسلامیہ کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی علمی خدمات پر تصنیف ہونے والی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نئی کتب پر منعقدہ مذاکرہ میں کیا۔ مذاکرہ میں عین الحق بغدادی، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر شفاقت الازہری نے بھی اظہار خیال کیا۔

عین الحق بغدادی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علوم الحدیث اور علوم الفقہ کے طالب علم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی تحقیق اور نگارشات کا مطالعہ کیے بغیر ان علوم کی سیڑھی نہیں چڑھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مقبول احادیث مبارکہ کہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرو اور یہ کہ اسلام میں کوئی جبر اور زور زبردستی نہیں ہے کی عملی تصویر تھے۔ آپ نے مختلف مسائل اور مصائب کا شکار افراد کے لیے شرعی اعتبار سے ٹھوس دلائل و براہین کے ساتھ آسانیاں پیدا کیں اور امت محمدیہ کو صراط مستقیم سے ہٹنے نہیں دیا اور حق گوئی کی جدوجہد میں آپ نے مصائب و مسائل بھی برداشت کیے مگر علمی اور شرعی امور میں وہ کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے۔

ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ پر شائع ہونے والی نئی کتب کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی ایک کتاب ’امام اعظم کے تلامذہ میں جلیل القدر آئمہ حدیث‘ دوسری کتاب ’امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا علم الحدیث میں عظیم تبحر‘ تیسری کتاب ’امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے شیوخ میں اکابر، محدث تابعین‘ چوتھی کتاب ’مرویات امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ‘ پانچویں کتاب ’امام اعظم کی عدیم المثال امامت و ثقاہت (آئمہ و محدثین کی نظر میں)‘ شامل ہیں۔

ڈاکٹر شفاقت الازہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کو بہت ساری خوبیوں، نعمتوں سے نوازا اور انہوں نے اس فیض محمدی کو امت میں بانٹا، انہوں نے کہا کہ عظیم المرتبت محدث حافظ یحییٰ بن آدم نے امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے فرمایا کہ ’تمام اہل فقہ اور صاحبان بصیرت کا اس پر اتفاق ہے کہ ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے بڑا کوئی فقیہ نہیں ہوا۔‘ عظیم محدث حافظ یحییٰ بن معین نے فرمایا امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اللہ تعالیٰ کے دین کے امین تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی،مذہبی علوم کے طلبا اور اساتذہ کو امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی حیات اور ان کی علمی خدمات کا مطالعہ کرتے رہنا چاہیے اس سے قلب و نظر میں وسعت آئیگی۔ مذاکرہ کے شرکاء نے امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور ان کے علمی کام پر 5 کتب کا شاندار ذخیرہ تصنیف کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top