اسی قوم نے دنیا میں ترقی کی جس نے تعلیم کو ترجیح دی: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان کو 7 دہائیوں سے تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو نہیں پایا جا سکا: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیم کے فروغ اور طلبہ حقوق کے تحفظ کےلئے کوشاں ہے: چوہدری عرفان یوسف
قومی طلبہ کنونشن میں یونیورسٹیز اور کالجز کے 10 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کرینگے: مرکزی صدر
خرم نواز گنڈاپور، جواد حامد، عرفان یوسف کا الحمرا کلچرل کمپلیکس کا دورہ، طلبہ
کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا
منہاج القرآن یوتھ لیگ کا 31 واں یوم تاسیس 30 نومبر کو منایا جائیگا، ملک بھر میں
تقریبات منعقد کی جائینگی
لاہور (27 نومبر 2019ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دنیا میں اسی قوم نے ترقی کی جس نے تعلیم کو ترجیح دی۔ جن اقوام نے تعلیم کو اہمیت دی وہی آج فخر کے ساتھ سر اٹھانے کے قابل ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فروغ عشق رسول ﷺ، طلبہ کے حقوق اور ملک میں تعلیم کے فروغ کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان بنانے کےلئے طلبہ نے بے شمار قربانیاں دیں استحکام پاکستان کے لئے بھی طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی25 سالہ جدوجہد امن، محبت اور علم کےلئے ہے۔ تعلیمی بجٹ میں اضافے اور یکساں تعلیمی نظام سے پاکستان کو تعلیمی پسماندگی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کو 7 دہائیوں سے تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ طلبہ کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو قو میں طلبہ کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں انکا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر یکم دسمبر کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقد ہونیوالے قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، راجہ ندیم، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، ضلج انقلابی، فراز ہاشمی، اخلاق حسین، پروگرام کےلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سمیت طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
چوہدری عرفان یوسف نے خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماءوں کو قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی طلبہ کنونشن میں ملک بھر کی اہم یونیورسٹیز اور کالجز کے 10 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کرینگے۔ طلبہ رہنماءوں کو کنونشن میں شرکت کےلئے دعوت نامے بھیج دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنونشن میں اہم علمی، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنما، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابق صدور، ناظمین و دیگر عہدیداران بھی قومی طلبہ کنونشن میں شرکت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیم کے فروغ اور طلبہ حقوق کے تحفظ کےلئے کوشاں ہے، سلور جوبلی تقریب کے موقع پر منعقد ہونیوالا قومی طلبہ کنونشن فروغ تعلیم اور طلبہ کے حقوق کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، قومی طلبہ کنونشن میں اہم مطالبات پیش کرینگے، اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور اور جواد حامد نے قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دیں۔
دریں اثنا منہاج القرآن یوتھ لیگ کا 31 واں یوم تاسیس 30 نومبر کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائیگا۔ لاہور، اسلام آباد، ملتان، سکھر، رحیم یار خان سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے سیمینارز منعقد کئے جائینگے۔ مرکزی تقریب 30 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ خرم نواز گنڈاپور، مظہر محمود علوی، قاضی شفیق سمیت اہم شخصیات تقریبات میں شرکت کرینگی۔ تقریبات کا مقصد نئی نسل کو کتاب دوستی کی طرف راغب کرنا اور کتب بینی کےلئے لوگوں کی کتب تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
تبصرہ