منہاج یوتھ لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس پر تقریب کا انعقاد

”ہے زندگی کتاب دوستی“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں کی شرکت
منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور ہر ماہ کتاب دوستی کے عنوان سے مختلف ٹاؤنز میں تقریبات کریگی
قوم و ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے: مظہر محمود علوی
نوجوان مطالعے کی عادت کو اپنائیں،اچھی اور علمی صحبت تلاش کریں: حاجی فرخ خان قادری
منصور قاسم اعوان، حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، اخلاق حسین، نیاز چدھڑ کی شرکت

لاہور (14 دسمبر 2019ء) منہاج یوتھ لیگ لاہور کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ”ہے زندگی کتاب دوستی“ کے عنوان سے تقریب منعقد کی گئی، تقریب کی صدارت یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے کی، مرکزی صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں منہاج یوتھ لیگ لاہور کے عہدیدارا ن سمیت نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں فیصلہ کیا گیا کہ کتب بینی کو فروغ دینے کے لیے منہاج یوتھ لیگ اہل علم عوام اور حکومت سے اپیل کرے گی کہ ہر تحصیل اور ضلع میں بزم کتاب کے نام سے تنظیم قائم کی جائے۔ منہاج یوتھ لیگ لائبریریوں، کتب خانوں پر توجہ دینے کے لیے مہم چلائے گی، منہاج یوتھ لیگ لاہور یونین کونسل سطح پر پبلک لائبریریوں کے قیام کے لیے جدوجہد کرے گی۔ تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ منصور قاسم اعوان، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، انعام مصطفوی، ناظم منہاج القرآن لاہور، اشتیاق حنیف مغل، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور چودھری محمد افضل گجر، صدر مصطفوی موومنٹ لاہور اخلاق حسین، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل لاہور علامہ خلیل احمد حنفی،جنرل سیکرٹری منہاج یوتھ لیگ لاہور نیاز چدھڑ، سمیت رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں منہاج یوتھ لیگ کے 31ویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ کسی بھی قوم کی تعمیر میں اس کے نوجوانوں کا بڑا کردار ہوتا ہے، پاکستان کی آبادی کا تقریباً 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد ہے کہ نوجوانوں کوکتاب دوستی کی طرف راغب کیا جائے، کتب بینی تک رسائی کو آسان بنایاجائے، منہاج یوتھ لیگ کی جدوجہد ہے کہ کتب خانے آباد کیے جائیں تاکہ تہذیب کو استحکام ملے۔ منہاج یوتھ لیگ کے پلیٹ فارم سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت،والدین، اساتذہ اور خود نوجوانوں کو مل کر ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ منہاج یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہزاروں موضوعات پر سینکڑوں کتب لکھ کر آنے والی صدیوں کے نوجوانوں کے لیے علمی ورثے کو محفوظ کر دیا ہے، نوجوان مطالعے کی عادت کو اپنائیں، اچھی اور علمی صحبت تلاش کریں، بہتر مستقبل کے لیے وسائل اور ایجادات کا صحیح استعمال کریں، نوجوانوں میں لکھے، پڑھنے، بولنے اور سمجھنے کی بہترین صلاحیت ہو گی تب ہی وہ ملکی معاملات میں اپنا کردار بہتر طور پر ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ ہر ماہ کتاب دوستی کے عنوان سے لاہور کے مختلف ٹاؤنز میں تقریب منعقد کرے گی، ان تقریبات سے یقیناً مطالعے کا شوق بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتب بینی ذہنوں کے دریچے کھولتی ہے، ذہن اور خیالات کو تازگی بخشتی ہے۔ تقریب سے حافظ غلام فرید، چودھر ی محمد افضل گجر، اخلاق حسین و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر علامہ خلیل احمد حنفی نے ملکی سلامتی، خوشحالی کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top