دین اسلام انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے: عین الحق بغدادی

اسلام عبادت اور اطاعت کے اصول بیان کرتا ہے، آئین و سیاست بھی سکھاتا ہے
نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (27 دسمبر 2019ء) معروف مذہبی رہنما، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ریسرچ سکالر عین الحق بغدادی نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، دین اسلام ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام جس طرح عبادت اور اطاعت کے اصول بیان کرتا ہے اسی طرح آئین و سیاست بھی سکھاتا ہے۔ دین اسلام مسجدو مدرسے کا دین بھی ہے اور حکومت و عبادت کا مذہب بھی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی مبارک زندگی جس طرح ہمارے لئے معلم اخلاق، رہبر و رہنما ہے اسی طرح بحیثیت مدبر اور کامل سیاستدان بھی نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاءون میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے سیاسی اعتبار سے خستہ حال، وحدت اور مرکزیت سے نابلد، تفریق کا شکار عرب قوم کو تعلیم، تبلیغ، اعلیٰ کردار کے ذریعے صرف 23برس کی قلیل مدت میں دنیا کی بہترین قوم بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب قوم میں اطاعت و فرمانبرداری کی ایسی صلاحیتیں پیدا ہو گئیں کہ یہ قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔

عین الحق بغدادی نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے سامنے ہے۔ آپ ﷺ کو بھی وہ تمام مسائل پیش آئے جو کسی سیاسی لیڈر کو پیش آنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ کفار کے ظلم و ستم کے باوجود آپ ﷺ کے عزم و استقلال میں کبھی کوئی کمی نہ آئی بلکہ آپ ﷺ ہمیشہ اعلیٰ مقصد کے حصول کےلئے کوشاں رہے۔ آپ ﷺ نے ایک عرصہ اقتدار و سلطنت کو سنبھالا۔ حلیفوں اور حریفوں سے معاہدے بھی کئے، جنگیں بھی لڑیں، عہد شکنوں اور غداروں کو سزائیں بھی دیں، مذاکرات بھی کئے۔ آپ ﷺ کے دوست و دشمن ہمیشہ معترف رہے کہ آپ ﷺ نے کبھی جھوٹا وعدہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی معاہدہ شکنی کی۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو حضوراکرم ﷺ کے اسوہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ایک کامیاب حکمران اور ریاست کےلئے دستور مدینہ اور ریاست مدینہ مشعل راہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top