کالج آف شریعہ کے زیراہتمام بچوں کے قومی دن پر مذاکرہ

تعلیم بچوں کا بنیادی حق، انہیں تربیت دینا بہترین تحفہ ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری نے بچوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق کتب تحریر کیں
مذاکرہ میں پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، کرنل (ر) فضل مہدی کی گفتگو

لاہور (9 جنوری 2020) تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام 9 جنوری بچوں کے قومی دن کی مناسبت سے خصوصی مذاکرہ ہوا۔ مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے اور انہیں تربیت دینا بہترین تحفہ ہے، آئین کے آرٹیکل 25A کے مطابق 5سے 16سال کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، ابھی بھی پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں کی کمی کی وجہ سے بچے تعلیم کے حصول سے محروم رہ جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جہاں ہر عمر اور طبقہ کے افراد کے لیے مختلف اخلاقی موضوعات پر سینکڑوں کتب تحریر کیں وہاں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بھی انہوں نے انتہائی مفید کتب تحریر کی ہیں، ان کتب میں والدین کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے متعلق رہنما اصول دئیے گئے ہیں۔

مذاکرہ میں کرنل (ر) فضل مہدی، ڈاکٹر مسعود مجاہد، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر شفاقت الازہری، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی نے بھی گفتگو کی۔

ڈاکٹر شفاقت الازہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 جنوری شہید پاکستان حکیم محمد سعید کا یوم پیدائش بھی ہے، طب اور خدمت خلق کے شعبے میں ان کی گرانقدر خدمات پر حکومت پاکستان نے 9 جنوری کو بچوں کے دن سے منسوب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکیم سعید پاکستان کی ایک ممتاز اور دردمند دل رکھنے والی شخصیت تھے، انہوں نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بھی گرانقدر خدمات انجام دیں، پاکستانی معاشرہ کے علمی طبقات کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں بچوں کی تعلیم و تربیت کا فریضہ احسن انداز سے انجام دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے اول جماعت سے لیکر پی ایچ ڈی تک بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کررہے ہیں، اس کے علاوہ منہاج ویمن لیگ کی طرف سے بچوں کی تربیت کیلئے ایگرز کے نام سے بھی ایک فورم تشکیل دیا گیا ہے جو بچوں کی کردار سازی اور ان کے اخلاقی رویوں کو درست کرنے کیلئے ہر سال تربیتی ورکشاپس منعقد کرتا ہے۔ ایگرز کے زیر اہتمام ہر سال شہر اعتکاف میں بچوں کو اعتکاف کروایا جاتا ہے اور انہیں دینی علوم اور بنیادی تعلیمات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top